ابوظہبی: پولیس کے تعاقب کے دوران نوجوان ڈرائیور کی موت

نوجوان کی گاڑی ایک پولیس گاڑی سے ٹکرانے کے بعد خوفناک حادثے کا شکار ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 جنوری 2019 16:34

ابوظہبی: پولیس کے تعاقب کے دوران نوجوان ڈرائیور کی موت
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جنوری 2019ء) العین کے علاقے میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں تیز رفتار سے گاڑی چلانے والا نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی پولیس کی ایک پٹرولنگ ٹیم جو معمول کے گشت پر تھی، اُس نے دیکھا کہ ایک نوجوان انتہائی تیز رفتاری اور خطرناک طریقے سے گاڑی چلا رہا ہے۔ پٹرولنگ ٹیم نے اُسے رُکنے کا اشارہ کیا مگر اُس پولیس کے اشارے کی پرواہ نہ کرتے ہوئے گاڑی اور تیز بھگا دی۔

پولیس نے نوجوان کی مشکوک حرکت پر اُس کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔ جب نوجوان نے کافی دُور تک جانے کے بعد بھی گاڑی نہ روکی تو پولیس نے اُسے وارننگ دینے کی خاطر دو ہوائی فائر کیے مگر نوجوان گاڑی مسلسل بھگاتا ہی رہا۔ جب نوجوان نے دیکھا کہ پولیس کی کار اُس کے قریب پہنچ رہی ہے تو اُس نے اچانک اپنی پستول نکال کر اُس پر دو تین فائر کیے۔

(جاری ہے)

خوش قسمتی سے فائر پولیس کی گاڑی کو نہیں لگا۔

اچانک نوجوان کی گاڑی اُس کا راستہ روکے کھڑی ایک اور پولیس کارسے جا ٹکرائی اور کئی قلا بازیاں کھاتی ہوئی سڑک سے دُور جا گِری۔ نوجوان کو کاروں کے اس تصادم کے باعث شدید چوٹیں آئیں جس پر اُسے تشویشناک حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ اس واقعے پر پولیس کے اعلیٰ عہدے دار کی جانب سے متوفی نوجوان کے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پٹرولنگ پولیس کے اشاروں کو نظر انداز نہ کیا کریں کیونکہ اُن کا کام نوجوانوں کو تیز رفتار ڈرائیونگ اور گاڑی کے خطرناک کرتبوں سے منع کر کے اُن کی جان کو محفوظ بنانا ہے۔ اس حوالے سے والدین اور اساتذہ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نوجوانوں اور نابالغ افراد میں محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے شعور اُجاگر کریں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں