ابو ظہبی: العین چڑیا گھر میں بِپھرے چیتے نے دو ملازموں پر حملہ کر دیا

حملے میں زخمی ہونے والے ملازمین کی جان معجزانہ طور پر بچ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 جنوری 2019 12:53

ابو ظہبی: العین چڑیا گھر میں بِپھرے چیتے نے دو ملازموں پر حملہ کر دیا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2019ء ) العین میں واقع مشہور چڑیاگھر میں بہت افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں چیتوں کی نگرانی اور اُن کی خوراک پر مامور دو ایشیائی ملازمین کو ایک چیتے نے حملہ کر کے شدید زخمی کردیا۔ دونوں ملازمین چیتے کے کھُلے پنجرے میں کام میں مصروف تھے جب چیتے نے غضبناک ہو کر اچانک اُن پر حملہ کر دیا۔ تاہم دونوں افراد معجزانہ طور پر جان بچا کر بھاگنے میں کامیاب ہو گئے اور یوں خونخوار چیتے کی مار دھاڑ سے محفوظ رہ گئے۔

دونوں افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ چڑیا گھر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ انسانی غلطی کا نتیجہ ہے۔ کیونکہ ملازمین جب چیتے کو باہر نکال کر خود وہاں صفائی اور خوراک وغیرہ رکھنے کی غرض سے اندر گئے تو پنجرے کا دروازہ اندر سے بند کرنا بھُول گئے تھے۔

(جاری ہے)

گوشت خور چیتے کو موقع میسر آ گیا۔ وہ ادھ کھُلے دروازے سے اندر داخل ہوا اور دونوں ملازمین پر حملہ آور ہو گیا۔

ملازمین کی چیخ و پکار سُن کر چڑیا گھر کے دُوسرے ملازمین بھی پہنچ گئے جنہوں نے چیتے کو کسی طریقے سے قابو کر کے خوف اور دہشت کے شکار دونوں ملازموں کی جانیں بچائیں۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق اس حملے میں زخمی ہونے والے ایک اہلکار کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ دُوسرے زیر علاج ملازم کی حالت اب بہتر ہے۔ واقعے پر بات کرتے ہوئے العین چڑیا گھر کے ڈائریکٹر جنرل غنیم مبارک الہگیری کا کہنا تھا کہ تفتیش کی جا رہی ہے کہ یہ واقعہ کس ملازم کی غلطی سے پیش آیا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے خطرناک واقعات کو رُونما ہونے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات لیے جائیں۔

واضح رہے کہ 1968ء میں قائم ہونے والا یہ چڑیا گھر 400 ہیکٹر پر محیط ہے۔ اسے مشرقِ وسطیٰ کا سب سے بڑا چڑیا گھر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں