ابو ظہبی: خاتون نے ڈکیت ساتھیوں کے ذریعے سہیلی کو قتل کروا دیا

یہ واردات زیورات اور رقم چُرانے کے لیے انجام دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 10 جنوری 2019 14:23

ابو ظہبی: خاتون نے ڈکیت ساتھیوں کے ذریعے سہیلی کو قتل کروا دیا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2019ء ) ابو ظہبی میں ایک ایشیائی خاتون کے قتل کی لرزہ خیز واردات کے سلسلے میں ایک خاتون اور اُس کے چار ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم خاتون نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے یہ بہیمانہ حرکت مقتولہ سہیلی کی رقم اور زیورات ہتھیانے کے لیے انجام دی۔ خاتون اور مقتولہ لڑکی ایک ہی کمرے میں مقیم تھے اور اُن میں گہری دوستی بھی تھی۔

سہیلی کے پاس بھاری رقم اور زیورات دیکھ کر خاتون کی نیت خراب ہو گئی۔ اُس نے اپنے مجرمانہ ذہنیت کے حامل دوستوں کے ساتھ مل کر ایک منصوبہ گھڑا۔ ملزمہ نے اپنے ساتھیوں کو رات کے وقت کال کر کے بُلایا جب اُس کی سہیلی گہری نیند سو چُکی تھی۔ ساتھیوں کی جانب سے دروازہ کھٹکھٹانے پر اُس نے دروازہ کھول دیا۔

(جاری ہے)

ایک ملزم اچانک سوئی پڑی لڑکی کے پاس قریب آ گیا اور اُسے جگا کر خود کو سی آئی پولیس کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اُس سے شناختی دستاویزات طلب کیی۔

تاہم لڑکی کو شک پڑ گیا کہ یہ بندہ کوئی دھوکے باز ہے۔ لڑکی نے جب شور مچانے اور مزاحمت کرنے کی کوشش کی تو باقی ملزمان نے لڑکی کے منہ میں کپڑا ٹھونس کر اُس کے ہاتھ پیر باندھ دیئے۔ اور پھر اُس کے منہ پر تکیہ رکھ کر اُسے کی زندگی چھین لی۔ ملزمان نے بڑی تسلّی سے مُردہ لڑکی کے پاس موجود رقم لُوٹ کر آپس میں بانٹ لی جبکہ زیورات ایک جیولر کو فروخت کر دیئے۔

پولیس کو پکڑے گئے ملزمان میں سے ایک کے موبائل سے ویڈیو بھی مِلی جس میں اُس نے مرنے والی لڑکی کو اس حالت میں فلمایا تھا کہ اُس کے ہاتھ پیر بندھے ہوئے تھے جبکہ چہرے پر خوف اور دہشت عیاں تھی۔ اس ویڈیو کلپ میں ملزمان آپس میں بات چیت کر کے لڑکی کو قتل کرنے پر بھی کرتے سُنائی دیئے۔ خاتون ملزمہ نے پولیس کودورانِ تفتیش بتائی کہ وہ مالی مشکلات کا شکار تھی، اس لیے اُس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مِل کر ڈکیتی کی یہ خونی واردات کی۔عدالت میں استغاثہ کی جانب سے ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کر دیئے گئے۔ مقدمے کی اگلی سماعت میں چوتھے ملزم کے وکیل کی جانب سے دلائل دیئے جائیں گے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں