ابو ظہبی: سکول بس کے سٹاپ سائن کی خلاف ورزی پربھاری جرمانہ ہو گا

ایک ہزار درہم کے علاوہ 10 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 جنوری 2019 14:11

ابو ظہبی: سکول بس کے سٹاپ سائن کی خلاف ورزی پربھاری جرمانہ ہو گا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری 2019ء) ابو ظہبی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی ڈرائیور کسی سکول بس کے سٹاپ سائن کو دیکھ کر بھی گاڑی روک لینے کی بجائے اُس کے پاس سے گزر جاتا ہے ،تو ایسی صورت میں اُسے ایک ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اُسے کے ڈرائیونگ لائسنس پر دس بلیک پوائنٹس بھی درج کیے جائیں گے۔ اس نوعیت کی خلاف ورزی انتہائی ناقابلِ برداشت ہے۔

جب بھی سکول کی کوئی بس کسی بچے کو اُتارنے کے لیے یا سوار کرانے کے لیے رُکتی ہے تو اُس کے سٹاپ سائن خود کار طریقے سے ظاہر ہو جاتے ہیں، اس کا واضح مطلب یہی ہوتا ہے کہ آس پاس موجود گاڑیوں کے ڈرائیورز فوری طور پر گاڑی روک لیں، اور اُس وقت تک رُکے رہیں جب تک بچہ بس سے اُتر کر سڑک کے کنارے نہ چلا جائے یا بس میں سوار نہ ہو جائے۔

(جاری ہے)

ٹریفک اتھارٹیز نے خبردار کیا کہ اگر کوئی شخص بس سے پانچ میٹر سے کم فاصلے پر اپنی گاڑی روکتا ہے تو اُسے جرمانے اور بلیک پوائنٹس کی سزا کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

بس سے کم از کم 5 میٹر کی دُور پر گاڑی کو ہر حال میں روک دینا چاہیے۔ اگر کوئی سڑک ون وے ہے تو ایسی صورت میں آنے اور جانے والی دونوں جانب کی گاڑیوں کو رُکنا ہو گا۔ لیکن اگر سڑک دو طرفہ ہے تو ایسی صورت میں بس کی جانب چل رہی گاڑیوں کو رُکنا ہو گا۔ اگر کوئی بس ڈرائیور بچوں کو اُتارتے وقت یا بس میں سوار کراتے وقت سٹاپ کا سائن استعمال نہ کرے تو اُسے بھی پانچ سو درہم کا جرمانہ اور چھ بلیک پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں