عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

پوپ فرانسس کا ایئرپورٹ پر استقبال ابوظہبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زاید النہیان نے کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 فروری 2019 11:02

عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس متحدہ عرب امارات پہنچ گئے
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4فروری 2019ء ) عیسائیوں کے کیتھولک فرقے کے پیشوا پوپ فرانسس گزشتہ شام کو ابو ظہبی پہنچ گئے۔ یہ پاپ فرانسس کا متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ ہے۔ ابو ظہبی کے ایئرپورٹ پر پاپ عیسائیوں کی روحانی شخصیت کا استقبال عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے کیا۔ اس موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد کے علاوہ الازہر شریف کے پیش امام ڈاکٹر احمد الطیب بھی موجود تھے۔

پوپ فرانسس کے استقبال کے لیے بچے بھی قطار کی صورت میں موجود تھے جنہوں نے پوپ کو خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کے گُلدستے پیش کیے۔ اس حوالے سے ابو ظہبی کے فرمانروا نے ایک سرکاری بیان بھی جاری کیا جس میں پاپ فرانسس اور ڈاکٹر احمد الطیب کو متحدہ عرب امارات میں آمد پر خوش آمدید کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ محمد کا کہنا تھا کہ پوپ فرانسس کے اس دورے سے مختلف مذاہب کے درمیان امن، پُرامن بقائے باہمی اور قربت مزید بڑھ جائے گی۔

جبکہ اس دورے سے متحدہ عرب امارات اور ویٹی کن کے درمیان دوستی اور تعاون میں بھی اضافہ ہو گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ سے مذہبی رواداری، اعتدال پسندی اور پُرامن بقائے باہمی کا گہوارہ رہا ہے اور مستقبل میں بھی رہے گا۔ امارات کا مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے کے فروغ میں کلیدی کردار رہا ہے۔ امارات نے ہمیشہ غیر رواداری اور انتہا پسندی کی مخالفت ہے۔ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ فراخ دلی اور اعتدال پسندی ہی مملکت کو ترقی دے سکتی ہے۔ اور یہی خصوصیات اس کے عوام کا خاصا بھی ہیں۔ پوپ فرانسس اور الازہر شریف کے اس دورے کی ایک اور بھی اہمیت یہ ہے کہ وہ اس سال کو متحدہ عرب امارات میں رواداری کا سال قرار دیا گیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں