ابو ظہبی: بینک صارف کا کیشیئر کو دھمکیاں دینا مہنگا پڑ گیا

بدتمیزی کرنے والے بینک صارف کو تین ماہ قید کی سزا ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 مارچ 2019 14:41

ابو ظہبی: بینک صارف کا کیشیئر کو دھمکیاں دینا مہنگا پڑ گیا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2019ء) مقامی عدالت نے ایک عرب شہری کو بینک کے کیشیئر کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں تین ماہ قید کی سزا دے دی اور اس کے ساتھ ساتھ دس ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی کے ایک بینک میں صارف آیا۔ وہ اپنی باری پر اکاؤنٹ میں سے پیسے نکلوانے کی غرض سے جب کیشیئر کے سامنے ہوا تو کیشیئر نے اُسے بتایا کہ اُس کے اکاؤنٹ میں رقم ناکافی ہے۔

جب صارف نے اکاؤنٹ میں رقم کی موجودگی کے حوالے سے اُس سے بحث کی تو کیشیئر نے اُسے کسٹمر سروس ڈیپارٹمنٹ کے پاس بھیج دیا۔ تھوڑی دیر بعد صارف واپس آکر کیشیئر کی کھڑکی کے آگے کھڑا ہو گیا۔ اس دوران کیشیئر جو کسی اور صارف سے ڈیل کر رہا تھا، اُس نے صارف سے کہا کہ وہ دوبارہ قطار میں جا کر لگے اور اپنی باری پر آئے۔

(جاری ہے)

اس بات پر صارف طیش میں آ گیا اور اُس سے تکرار شروع کر دی۔

کیشیئر نے اُسے دوبارہ قطار میں جا کر کھڑا ہونے کو کہا تو صارف آپے سے باہر ہو کر اُس سے بدتمیزی کرنے لگا اور دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ’’کیا تم نہیں جانتے میں کون ہوں؟ میں تمہیں سبق سکھا دُوں گا۔‘‘ جس پر بینک کی انتظامیہ نے اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو قصور وار قرار دیتے ہوئے تین ماہ قید کی سزا اور دس ہزار درہم کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ بینک صارف نے اس فیصلے کے خلاف ابو ظہبی اپیلٹ کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، جس کی سماعت 26 مارچ 2019ء کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں