رمضان المبارک کی برکت:امارات میں 3 ہزار سے زائد قیدیوں کو رہائی مِل گئی

فرمانروا شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے ایک خصوصی فرمان کے ذریعے 3,005 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 مئی 2019 15:06

رمضان المبارک کی برکت:امارات میں 3 ہزار سے زائد قیدیوں کو رہائی مِل گئی
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 2 مئی 2019ئ) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور باسعادت مہینے کی آمد میں اب چند روز ہی باقی ہیں۔ اس بابرکت مہینے کی مناسبت سے اماراتی مملکت میں قید ہزاروں مقامی اور غیر مُلکی افراد کو رہا کر دیا گیا۔ یہ رہائی متحدہ عرب امارات کے فرمانروا عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے ایک خصوصی فرمان کے ذریعے عمل میں آئی۔

شیخ خلیفہ نے اپنے خصوصی فرمان کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں بند 3,005 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ یہ رہا کیے گئے قیدی مختلف نوعیت کے جرائم میں قید کاٹ رہے تھے۔ اس موقعہ پر شیخ خلیفہ کی جانب سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ رہا کیے گئے قیدیوں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

اماراتی فرمانروا کے اس اقدام کا مقصد قیدیوں کو ایک نئی زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی قید کے باعث مسائل و مصائب میں گھرے اہلِ خانہ کی جانب لوٹ کر ایک بار پھر اُن کا سہارا بن سکیں۔

متحدہ عرب امارات میں اس بار رمضان المبارک کا پہلا روزہ 6 مئی 2019ءکو ہونے کی توقع ہے۔ اس حوالے سے نجی شعبے کے ملازمین کے لیے رمضان میں اوقات کار کا اعلان کر دیا گیا۔ وزارت انسانی وسائل اور اماریتائزیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق نجی شعبے کے ملازمین کومعمول کے دِنوں کے مقابلے میں دو گھنٹے کم ڈیوٹی ادا کرنا ہو گی۔ اوقاتِ کار کی اس پابندی کا اطلاق نجی کاروبار، کمپنیوں اور اداروں پر ہو گا۔ نجی شعبے میں دو گھنٹے کی یہ رعایت مسلمانوں کے لیے غیر مُسلم نجی ملازمین کے لیے بھی ہو گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں