ابو ظہبی: اپنی گاڑیاں اسٹارٹ چھوڑ کر دائیں بائیں مت ہوں: پولیس کی وارننگ

پولیس کے مطابق ایسا کرنا گاڑی کی چوری یا کسی خطرناک حادثے کا باعث بن سکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 13 مئی 2019 12:48

ابو ظہبی: اپنی گاڑیاں اسٹارٹ چھوڑ کر دائیں بائیں مت ہوں: پولیس کی وارننگ
ابوظہبی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13 مئی 2019ء) العین پولیس کی جانب سے گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑی سے جب بھی دُور جائیں تو گاڑی کا انجن ضرور بند کر کے جائیں۔ پولیس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایسے ڈرائیورز کی گنتی بڑھتی جا رہی ہے جو شاپنگ کے وقت یا پٹرول ڈلواتے وقت اپنی گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر گاڑی سے دُور چلے جاتے ہیں۔

العین پولیس ڈائریکٹوریٹ کے کریمنل سیکیورٹی سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تمام گاڑی مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ گاڑی سٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا بہت خطرناک ہے۔ اس سے موقعے کی تاک میں بیٹھے چوروں کو اپنا کام دکھانے کا موقع مل جاتا ہے جو لمحوں کے اندر گاڑی لے کر فرار ہو جاتے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کرنل مبارک سیف السبوسی نے بتایا کہ گاڑی چوری سے بچنے کے لیے مناسب یہی ہے کہ گاڑی کا انجن بند کر کے جایا جائے، چاہے ایک دو منٹ کا ہی کام کیوں نہ ہو۔

(جاری ہے)

السبوسی کے مطابق اکثر ڈرائیورز کئی گھنٹوں تک اپنی گاڑی میں چھوٹے بچوں کو بٹھاکر خود شاپنگ میں مصروف رہتے ہیں۔ ایسا کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے کیونکہ موسمِ گرما میں خصوصاً زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے بچوں کے دم گھُٹنے کی وجہ سے اُن کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ فیڈرل ٹریفک لاءکی شق نمبر 62 کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی گاڑی چالو حالت میں چھوڑ کر جاتا ہے تو اس پر 300 درہم کا جرمانہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر عوام کی آگاہی کے لیے ایک مؤثر مہم بھی چلا ئی جا رہی ہے جس کا مثبت ردِعمل سامنے آنے کی توقع ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں