عید الفطرکے روز ہنستا بستا اماراتی گھر ماتم کدے میں بدل گیا

ابوظہبی میں عید کے پہلے روز خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 بہن بھائی اپنی آیا سمیت جاں بحق

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 جون 2019 11:25

عید الفطرکے روز ہنستا بستا اماراتی گھر ماتم کدے میں بدل گیا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،8 جُون2019ء) دُنیا بھر میں عید الفطر بڑے جوش و خروش سے منائی گئی۔ مگر ابو ظہبی میں مقیم ایک اماراتی خاندان پر اس بار کی عید قیامتِ صُغریٰ بن کر ٹُوٹ پڑی ہے۔ پولیس کے مطابق عید الفطر کے پہلے روز ایک اماراتی خاندان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک پندرہ سالہ لڑکا اور اُس کی دو بہنیں جن کی عمریں 12 سال اور 11 سال بتائی جا رہی ہیں، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔

جبکہ گاڑی میں سوار بچوں کی غیر مُلکی آیا بھی اس حادثے کے نتیجے میں لقمہ ¿ اجل بن گئی۔حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی بدنصیب بچوں کی ماں چلا رہی تھی، جو خود بھی شدید زخمی ہو کر اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہے۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اس خاندان کی کار تیز رفتاری کے باعث ابو ظہبی کے ضلع الفلاح کی ایک سڑک کے کنارے لگے کھمبے سے جا ٹکرائی۔

(جاری ہے)

حادثہ اتنا شدید تھا کہ بچے اور اُن کی آیا موقع پر ہی زندگی سے محروم ہو گئے۔ ابو ظہبی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اماراتی خاتون تیز رفتار سے گاڑی ڈرائیور کر رہی تھی جب گاڑی اچانک اُس کے قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے لگے کھمبے سے جا ٹکرائی۔ حتیٰ کہ اس خاتون کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا، جو کہ فیڈرل ٹریفک رولز کے تحت ایک سنگین جُرم ہے۔ اگر کوئی شخص لائسنس کے بغیر گاڑی چلاتا پکڑا جائے تو اُسے تین ماہ کے لیے جیل کی سزا ہوتی ہے اور کم از کم پانچ ہزار کا جرمانہ بھی بھُگتنا پڑتا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں