ابوظہبی میں چار افراد کی ہلاکت کے بعدحکومت کی جانب سے اہم اعلان سامنے آ گیا

غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور ریس لگانے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 جون 2019 12:14

ابوظہبی میں چار افراد کی ہلاکت کے بعدحکومت کی جانب سے اہم اعلان سامنے آ گیا
ابوظہبی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،10 جُون2019ء) دُبئی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ گلیوں ، رہائشی علاقوں اورشاہراہوں پر ریس لگانے والوں اور تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ یہ فیصلہ العین روڈ پر دو کاروںکو پیش آنے والے الگ الگ حادثات کے نتیجے میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان دونوں کاروں کے انجن میں تبدیلی لا کر ان کی رفتار کو بڑھایا گیا تھا جس کا مقصد ریس لگانا تھا۔

مگر اس کے نتیجے میں ہولناک واقعہ پیش آ یا۔ پولیس کے مطابق غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے نمٹنے کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی ایک کار تیز رفتار کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک کھمبے سے جا ٹکرائی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ڈرائیور اور مسافر شدید زخمی ہو کرفوراً چل بسے۔ جبکہ ایک اور حادثے میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک پار کرنے والی دو خواتین پر چڑھ دوڑی تھی جس کے باعث دونوں خواتین بھی زندگی کی بازی ہار گئیں۔

پولیس کی جانب سے تیز رفتاری اور ریس سے باز رکھنے کے لیے ایک آگہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جبکہ اپنی کاروں کے انجن میں تیز رفتاری کی خاطر تبدیلی کروانے والے نوجوانوں پر بھی خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ یہ نوجوان نہ صرف اپنی بلکہ دیگر ڈرائیورز اور راہگیروں کی جانوں کے لیے بھی خطرہ ثابت ہو رہے ہیں۔ اگر کوئی شخص غیر محتاط ڈرائیونگ کرتا پاتا گیا تو اُس پر دو ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا جبکہ 23 بلیک پوائنٹس کی سزا بھی بھُگتنا ہو گی اس کے علاوہ گاڑی دو ماہ کے لیے ضبط کر لی جائے گی۔ جبکہ گاڑی کے انجن میں تبدیلی کروانے والوںکو ایک ہزار درہم، 12 بلیکس پوائنٹس کے علاوہ گاڑی کی ایک ماہ کے لیے ضبطی کی سزا کے لیے تیار رہنا ہو گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں