ابوظہبی میں گاڑی سے کوڑا اور دیگر سامان سڑک پر پھینکنے والوں کی شامت آ گئی

ایسے لاپرواہ افراد پر ماحول دُشمنی ایکٹ کے تحت جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 جون 2019 15:28

ابوظہبی میں گاڑی سے کوڑا اور دیگر سامان سڑک پر پھینکنے والوں کی شامت آ گئی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،15 جُون 2019ء) ابو ظہبی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ریاست کو صاف سُتھرا رکھنے کی خاطر ماحول دُشمن افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ابو ظہبی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر خبردار کیا ہے کہ جو لوگ گاڑیوں سے کوڑا یا دیگر کھانے پینے کے سامان کے ریپر اور خالی پیکٹ سڑک پر پھینکتے پکڑے گئے، اُنہیں ایک ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا اس کے علاوہ اُن کے ڈرائیونگ لائسنس پر چھ بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔

چاہے یہ حرکت کسی مسافر کی جانب سے کی جائے یا ڈرائیور کی جانب سے، دونوں صورتوں میں ڈرائیور پر ہی جرمانہ عائد ہو گا۔ اس مقصد کے لیے سڑکوں اور شاہراہوں پر پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ رواں سال ماحول کو نقصان پہنچانے کے جُرم میں سینکڑوں افراد پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو گھاس پر بار بی کیو کرتے پائے گئے۔

اس کے علاوہ پہاڑوں کی چٹانوں پر کچھ تحریر کرنے‘ کار کی کھڑکی سے کوڑا اور دیگر سامان پھینکنے اور پکنک کے بعد بچی کھچی کھانے کی چیزوں کو مناسب طور پر ٹھکانے نہ لگانے جیسی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کو بھی جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ابو ظہبی پولیس کے مطابق ریاست سے آلودگی کے خاتمے‘ ماحول کے تحفظ کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کی غرض سے کئی موبائل انسپکشن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ کی نگرانی کے لیے پارکس اور ساحلوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لیے قدرتی مقامات اور پارکس وغیرہ میں وارننگ کے نشانات کی تنصیب کی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خصوصاً کار کی کھڑکی سے کوڑا اور ضائع شدہ کھانا باہر پھینکنے والوں یہاں تک کہ سڑک کی راکھ پھینکنے پر بھی جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں