ابو ظہبی پولیس نے دوران ڈرائیونگ موبائل فون پر گیمز کھیلنے والوں کو وارننگ جاری کر دی

اس نوعیت کی خلاف ورزی پر آٹھ سو درہم کا جرمانہ اور 4 بلیک پوائنٹس کی سزا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 جون 2019 16:09

ابو ظہبی پولیس نے دوران ڈرائیونگ موبائل فون پر گیمز کھیلنے والوں کو وارننگ جاری کر دی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 20جُون 2019ء) ابو ظہبی پولیس نے ڈرائیور حضرات کو خبردار کیا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اپنے موبائل فون پر گیمز کھیلنے سے باز رہیں، کیونکہ اس سے توجہ ڈرائیونگ سے ہٹ جاتی ہے۔ جس کے باعث کوئی خطرناک حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ پولیس کی جانب سے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ محتاط رویہ اپنائیں تاکہ ان کی اپنی زندگی اور سڑک پر موجود دوسرے راہگیروں اور کار سواروں کی زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق نہ ہوں۔

ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جس کا نتیجہ ٹریفک حادثات کی صورت میں نکلتا ہے۔ جبکہ اماراتی قانون کی رو سے بھی یہ ایک جرم ہے جس کی سزا آٹھ سو درہم کا بھاری جرمانہ ہے اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس پر 4 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر گیمز کھیلنے کے علاوہ ، موبائل پر بات چیت کرنا، تصویریں کھینچنا یا سیلفی لینا، ٹیکسٹ میسج کرنا یا میک اپ کرنا بھی ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، امارات میں اکثر ٹریفک حادثات مندرجہ ذیل خلاف ورزیوں کی بناءپر رونما ہوتے ہیں۔

اسی لیے اس نوعیت کی خلاف ورزیوں پر ماضی کے مقابلے میں جرمانوں کی رقم بڑھا دی گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک نئی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس آگاہی مہم کے نتیجے میں ابو ظہبی میں ٹریفک حادثات میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں