ابو ظہبی کا مشہور ریسٹورنٹ صفائی کے ناقص انتظامات پر بند کر دیا گیا

السیّد ریسٹورنٹ اینڈ گرِل کو متعدد بار وارننگ جاری کی گئی مگر حفظانِ صحت کے معیار میں بہتری نہ لانے پر اسے بند کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 جون 2019 13:50

ابو ظہبی کا مشہور ریسٹورنٹ صفائی کے ناقص انتظامات پر بند کر دیا گیا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 21جُون 2019ء) ابو ظہبی میں واقع ایک ریسٹورنٹ کو اپنے ہاں صفائی سُتھرائی کا خیال نہ رکھنے اور خوراک کی تیاری میں حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرنے پر بند کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ابو ظہبی ایگریکلچر ایند فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے عمل میں لائی گئی۔ اتھارٹی کے کمیونیکیشن اینڈ کمیونٹی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر زامر رشید القاسمی نے بتایا کہ السیّد ریسٹورنٹ اینڈ گرِل کو اس سے پہلے بھی متعدد بار صورتِ حال میں بہتری لانے کے لیے وارننگ دی گئی تھی مگر انتظامیہ کی جانب سے ان تمام وارننگز کو نظر انداز کیا گیا۔

جس پر اس ریسٹورنٹ کو عوام کی صحت کے لیے مضر قرار دے کر اسے بند کر دیا گیا۔ آخری بار بھی جب اس ریسٹورنٹ کو چیک کیا گیا تو یہاں حفظانِ صحت کی اصولوں کی خلاف ورزی سامنے آئی۔

(جاری ہے)

زامرالقاسمی نے عوام کو تاکید کی کہ وہ کسی بھی غذائی مرکز پر اگر حفظانِ صحت اور صفائی سُتھرائی سے متعلق کوئی خلاف ورزی نوٹ کریں تو اس کی اطلاع فوری طور پر ابو ظہبی گورنمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ ٹال فری نمبر 800 555 پر دیں تاکہ پیسے بٹورنے کے بعد بھی عوام کو اچھی اور صاف ستھری غذا فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

واضح رہے کہ ابو ظہبی کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی دیگر تمام ریاستوں میں بھی ریسٹورنٹس میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کرانے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اگر کسی ہوٹل، ریستوران یا کیفے ٹیریا میں گندگی اور کیڑے مکوڑے پائے جائیں یا خوراک زائد المیعاد اور غیر صحت بخش ہو تو ایسی صورت میں وہاں کی انتظامیہ کے خلاف کڑی کارروائی کی جاتی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں