ابو ظہبی میں عوام کو کیش پرائز کا جھانسہ دے کر لُوٹنے والے 80 افراد گرفتار

گرفتار شدگان میں درجنوں پاکستانی بھی شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 جون 2019 13:31

ابو ظہبی میں عوام کو کیش پرائز کا جھانسہ دے کر لُوٹنے والے 80 افراد گرفتار
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 26جُون 2019ء) ابو ظہبی میں عوام کو کیش پرائز انعامات کا جھانسہ دے کر لُوٹنے والوں افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آ گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران اس نوعیت کی دھوکے بازیوں میں ملوث 80 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ جن کا تعلق مختلف ممالک سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان کے قبضے سے رقم برآمد کر کے اُن کے اصل حقداروں تک بھی پہنچا دی گئی ہے۔

یہ لوگ سادہ لوح افراد سے موبائل فونز پر رابطہ کر کے خود کو کسی بینک کا نمائندہ ظاہر کرتے اور پھر کہتے کہ اُن کے اکاؤنٹ کی تفصیلات اپ ڈیٹ کی جا رہی ہیں۔ اگر اُنہوں نے اپنی ذاتی تفصیلات فراہم نہ کیں تو اُن کا اکاؤنٹ بند کر دیا جائے گا۔ اکثر لوگ پریشان ہو کر اپنی بینک سے متعلق تفصیلات خود ساختہ نمائندے کو بتا دیتے۔

(جاری ہے)

جس کا نتیجہ اُنہیں رقم سے محرومی کی صورت میں بھُگتنا پڑتا۔

کئی لوگ خود کو موبائل فون کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کر کے بھی لوگوں سے اُن کے اکاؤنٹ کی تفصیلات لیتے اور پھر اُن اکاؤنٹس میں سے رقم نکلوا لیتے۔یہ لوگ عوام کو یہ جھوٹی خوش خبری سُناتے کہ اُن کا قرعہ اندازی میں کیش پرائز نکلا ہے جس کی اُن کے اکاؤنٹ میں منتقلی کے لیے اُنہیں اپنا اکاؤنٹ نمبر اور دیگر خفیہ معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ کئی بار لوگوں کو نوسرباز لوگ واٹس ایپ پر کسی مالی ادارے کے نام سے لنک بھیجتے جس پر کلک کرنے سے لوگوں کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات دھوکے بازوں تک منتقل ہو جاتیں۔

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اپنی ذاتی معلومات اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کسی بھی بینک نمائندے کو موبائل فون پر فراہم نہ کریں اور نہ ہی اپنا پِن نمبر بتائیں۔ متحدہ عرب امارات میں آن لائن فراڈ میں ملوث افراد کو قید کی سزا کے علاوہ کم از کم پانچ لاکھ درہم جرمانے کی سزا بھی سُنائی جاتی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں