ابو ظہبی ایئر پورٹ پر کثیر المذہبی عبادت گاہ قائم کر دی گئی

اس عبادت گاہ میں مختلف مذاہب کے لوگ اپنے اپنے عقائد کے مطابق عبادات انجام دے سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 3 جولائی 2019 11:42

ابو ظہبی ایئر پورٹ پر کثیر المذہبی عبادت گاہ قائم کر دی گئی
ابوظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 3 جُولائی 2019ء) ابو ظہبی ایئر پورٹ پر غیر مُسلموں کے لیے کثیر المذہبی عبادت گاہ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس طرح اس بین الاقوامی ہوائے اڈے پر مختلف مذاہب سے منسلک افراد اپنے عقائد کے مطابق عبادات انجام دے سکیں گے۔ ابو ظہبی حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے عقائد کی روشنی میں پُوری آزادی کے ساتھ مذہبی رسومات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ سنہری اقدام اماراتی معاشرے میں مذہبی رواداری کو فروغ دینے کی خاطر اُٹھایا گیا ہے۔ ایئرپورٹ پر اس کثیر المذہبی عبادت گاہ کا افتتاح رواداری کے فروغ کے ادارے نے ابوظہبی ایئرپورٹ کے چیئرمین شیخ محمد بن حمد بن طحنون آل نہیان کی موجووگی میں کیا۔

(جاری ہے)

غیر مسلموں کے لیے مخصوص یہ عبادت گاہ ایئرپورٹ کی بلڈنگ میں بسوں کے گیٹ کے قریب بنائی گئی ہے۔

رواداری کے فروغ کے ادارے کے چیئر مین ڈاکٹر مغیر الخییلی نے بتایا کہ اس عبادت گاہ کا ڈیزائن بہت سوچ بچار کے بعد تشکیل دیا گیا۔ اس بات کو مدنظر رکھا گیا کہ یہاں تمام مذہب کے افراد اپنے عیقیدے کے مطابق آسانی سے مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔ اس عبادت گاہ کے قیام سے مختلف تہذیبوں اور نسلوں سے جُڑے افراد کے درمیان رواداری کے جذبات فروغ پائیں گے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں سال 2010ء رواداری کے سال کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس کثیر المذہبی عبادت گاہ کا قیام بھی اسی رواداری کی پالیسی کو بڑھاوا دینے کی خاطر عمل میں لایا گیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں