ابوظہبی: دو سالہ بچی گھر کے سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق

پولیس کی جانب سے اس واقعے میں والدین کی غفلت کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 جولائی 2019 13:22

ابوظہبی: دو سالہ بچی گھر کے سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جولائی 2019ء) العین کے علاقے میں واقع ایک گھر کے اندر بنے سوئمنگ پول میں ڈُوب جانے کے باعث ننھی بچی اللہ کو پیاری ہو گئی ہے۔ ابو ظہبی پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو اطلاع مِلی کہ جبل حفیف کے علاقے میں واقع ایک گھر کی سوئمنگ پول میں بچی بے حِس و حرکت پڑی ہے۔ جس پر ایک طبی امداد کی ٹیم فوراً روانہ کر دی گئی۔

تاہم وہاں جا کر پتا چلا کہ دو سالہ بچی اللہ کو پیاری ہو چکی ہے۔ اس سے قبل جُون کے مہینے میں بھی دو اماراتی جُڑواں بچے جن کی عمریں اڑھائی سال کے قریب تھیں، راس الخیمہ کے علاقے خُزام میں ایک سوئمنگ پول میں ڈُوب کر اللہ کو پیارے ہو گئے تھے۔ جبکہ دسمبر 2018ء کے دوران بھی تین سالہ عرب بچہ راس الخیمہ کے ایک ہوٹل کے سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق ہوا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کی جانب سے والدین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اُن کے گھروں کے اندر سوئمنگ پول موجود ہے تو بچوں کی ہر وقت نگرانی رکھیں۔ سوئمنگ پول کے گرد جنگلہ وغیرہ لگوائیں تاکہ بچے والدین یا کسی بالغ فرد کے بغیر وہاں پر نہ جا سکیں۔ اس نوعیت کے واقعات کی بڑی وجہ والدین کی حد درجہ کوتاہی ہے۔گھر میں موجود سوئمنگ پول کے بنے دروازے کو ہر وقت تالہ لگا کر رکھیں۔

چھوٹے بچوں کو سوئمنگ پول میں اُتارتے وقت حفاظتی سامان ضرور پہنائیں۔ اُن پر سے ایک لمحے کی بے توجہی بھی کسی بڑے سانحے میں بدل سکتی ہے۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد بچوں کو چیک کرتے رہیں کہ وہ کہاں پر ہیں۔ بچوں کو ہر وقت منع کرتے ہیں کہ سوئمنگ پول کی طرف جانا اُن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ سوئمنگ پول کے آس پاس کی جگہ پر پھسلن نہ ہو تاکہ کنارے پر موجود بچے پھسل کر سوئمنگ پول میں نہ جا گِریں۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں