ابوظہبی: نشئی باپ نے تین بیٹوں کو بھی نشے پر لگا دیا

ملزم کی گھریلو ناچاقی کی بناء پر اپنی بیوی سے علیحدگی ہو چکی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 جولائی 2019 11:43

ابوظہبی: نشئی باپ نے تین بیٹوں کو بھی نشے پر لگا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جولائی 2019ء) والد اپنی اولاد کو نیک اور باشعور بنانے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کرتا ہے ۔ مگر دُبئی میں مقیم ایک ایسا باپ بھی ہے جو خود تو نشے کا روگی تھا ہی، اُس نے اپنے تین بیٹوں کو بھی چرس اور دُوسرے نشے پر لگا دیا۔ یہ مقدمہ عدالت کے سامنے زیر سماعت آیا تو پتا چلا کہ ملزم ایک خلیجی ملک سے تعلق رکھتا ہے جس کی ازدواجی اختلافات کے بعد اپنی بیوی سے علیحدگی ہو گئی تھی۔

ملزم کو اپنے تین بیٹوں کو ساتھ رکھنے کی اجازت مِل گئی جبکہ دس سال سے کم عمر بچوں کی کفالت کی ذمہ داری ماں کو سونپی گئی۔والد نے اپنے بیٹوں کو ساتھ رکھ تو لیا مگراسی دوران وہ نشے کا عادی ہو گیا۔ وہ اپنے بیٹوں کے سامنے سر عام چرس اور دیگر نشہ آور ادویات کا استعمال کرتا۔

(جاری ہے)

اسی لت کے باعث اُس کی نوکری بھی چلی گئی۔ جبکہ 18سال سے کم عمر تینوں بچوں کو بھی اُس نے فیسیں نہ ہونے کے باعث سکول سے اُٹھا لیا۔

ملزم اس قدر بے حِس تھا کہ اُس نے آہستہ آہستہ بچوں کو بھی نشہ کرنے پر مجبور کرنا شروع کر دیا۔ اگر کوئی بچہ نشہ کرنے سے انکار کرتا تو وہ اُسے مار پیٹ کا نشانہ بناتا۔ یوں تینوں بچے نشے کا شکار ہو گئے۔ جب بچوں کی والدہ کو اپنے خاوند کے ان سیاہ کرتوتوں کا پتا چلا تو اُس نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا کر استدعا کی کہ ملزم وعدے کے مطابق اپنے تینوں بیٹوں کی اچھی تربیت اور اُن کا خرچہ اُٹھانے کے معاملے میں بالکل ناکام ٹھہرا ہے، اس لیے تینوں بیٹوں کی تحویل دوبارہ سے اُسے سونپی جائے۔

ورنہ بچوں کا مستقبل مزید تباہ ہو جائے گا۔ عدالت میں استغاثہ نے ملزم کو منشیات استعمال کرنے، اپنے بچوں کو بھی نشہ کرا کر اُن کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے، اولاد کی تربیت میں غفلت اور اُن کی دیگر ضروریات پُوری نہ کرنے کا مجرم قرار دیا گیا۔ جبکہ تینوں بچوں پر بھی منشیات کے استعمال کے الزامات عائد کیے گئے۔ عدالت نے ملزم کو ایک سال قید اور پندرہ ہزار درہم جرمانے کی سزا سُنائی جب کہ بچوں کو اصلاحی جیل میں رکھنے کا حکم دیا گیا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں