ابوظہبی ایئرپورٹ پر مسافر نے دس لاکھ درہم کا انعام جیت لیا

افضل چیمبان نامی خوش قسمت شخص کو یہ کامیابی بغیر ریفل ٹکٹ خریدے حاصل ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 10:40

ابوظہبی ایئرپورٹ پر مسافر نے دس لاکھ درہم کا انعام جیت لیا
ابو ظہبی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اکتوبر2019ء ) افضل چیمبان نامی شخص کو کیا معلوم تھا کہ اُس کے ابو ظہبی ایئر پورٹ پر قدم رکھتے ہی بے پناہ دولت اُس کے نصیب کا حصہ بن جائے گی اور وہ بھی ایسی صورت میں جب اُس نے کوئی ریفل ٹکٹ خرید کر اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ بھی نہ کیا ہو۔ واقعی خُدا جب دینے پر آتا ہے تو ایسے دروازے سے دے دیتا ہے جس پر کسی نے دستک بھی نہ دی ہو۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی ایئرپورٹ پر " Feel Good Fly AUH" مہم کا گذشتہ دنوں اہتمام کیا گیا تھا جس کے اختتام پر دس لاکھ درہم کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا۔ اس انعامی سکیم کے تحت ہونے والی قرعہ اندازی میں اُن مسافروں کو شامل کیا گیا جنہوں نے ابو ظہبی ایئر پورٹ پر جُون تا اگست 2019ء کے دوران ابو ظہبی ایئر پورٹ کے ذریعے سفر کیا تھا۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ پر ہونے والی براہِ راست قرعہ اندازی میں بھارت سے تعلق رکھنے والے مسافر افضل چیمبان کو دس لاکھ درہم کی خطیر رقم کا حقدار قرار دیا گیا۔ ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برائن تھامسن نے مسافر افضل چیمبان کو دس لاکھ درہم کی انعامی رقم کا چیک پیش کیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے مسافر افضل چیمبان نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہزاروں مسافروں میں سے صرف میں اس انعام کا حقدار بن جاؤں گا اور میری زندگی یکدم بدل جائے گی۔ اب سے ابو ظہبی ایئر پورٹ میرا پسندیدہ ترین ایئر پورٹ بن گیا ہے جہاں سے میں متحدہ عرب امارات کا سفر ہمیشہ جاری رکھوں گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں