ابوظہبی: ایشیائی ڈرائیور کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس افسرجاں بحق ہو گیا

پولیس اہلکار اپنی گاڑی میں بیٹھا حلامی ٹنل میں ٹریفک کلیئر کروا رہا تھا جب ایشیائی ڈرائیورکی تیز رفتار کار اُس کی کار سے جا ٹکرائی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 نومبر 2019 12:15

ابوظہبی: ایشیائی ڈرائیور کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس افسرجاں بحق ہو گیا
ابوظہبی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16نومبر 2019ء) ابوظہبی کے العین شہر میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق العین کی حلّامی ٹنل میں ڈیوٹی پر تعینات ایک اماراتی پولیس اہلکاراپنی گاڑی میں بیٹھا ٹریفک کلیئر کروا رہا تھا، جب ایک تیز رفتار گاڑی نے پیچھے سے آ کر اُس کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔

جس کے نتیجے میں پولیس سارجنٹ علی سعید خرباش السعدی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز صبح کے وقت پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر ہی پہنچ گئی اور اُسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ بدنصیب پولیس اہلکار ہسپتال لائے جانے سے قبل ہی دُنیا سے رخصت ہو چکا تھا۔

(جاری ہے)

السعدی کی نماز جنازہ العین کی مطیر عمر المقابلی مسجد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جن میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کے سینیئر اور جونیئر اہلکار بھی شامل تھے۔ نوجوان سارجنٹ السعدی کی جواں عمری میں موت نے اہلِ علاقہ کی آنکھ اشکبار کر دی ، مرحوم کے گھر افسوس کرنے والا کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ ابو ظہبی پولیس کی جانب سے بھی مرحوم پولیس اہلکار سے گہرے دُکھ اورتعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ السعدی ایک فرض شناس اور ذمہ دار پولیس افسر تھا۔ جس نے اپنے تمام تر کیریئر میں محنت اور لگن سے کام کیا۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایک ایشیائی ڈرائیور کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں پیش آیا جو تیز رفتاری کی وجہ سے بریک نہ لگا سکا اور آگے موجود پولیس کی گاڑی کو زور دار ٹکر ماری جس کے باعث علی السعدی کی جان چلی گئی۔ ایشیائی ڈرائیور کے خلاف جلد ہی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں