ابوظبی میں لاپرواہ ڈرائیورز کو وارننگ دے دی گئی

ڈرائیونگ کے دوران اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنے پر جرمانہ ہو گا اور بلیک پوائنٹس کااندراج بھی ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 جنوری 2020 15:50

ابوظبی میں لاپرواہ ڈرائیورز کو وارننگ دے دی گئی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2020ء) ابوظبی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ڈرائیورز آگے جاتی ہوئی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھ کر گاڑی چلایا کریں، تاکہ حادثات کی نوبت کم سے کم پیش آئے۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو ڈرائیورز اگلی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ رکھ کر گاڑی نہیں چلائیں گے، اُنہیں جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔ ڈرائیورز کی اس خلاف ورزی کو نوٹ کرنے کی خاطر ریڈار سسٹم کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق 15 جنوری 2020ء سے اسمارٹ سسٹم اور ریڈارز کے ذریعے خلاف ورزیوں کرنے والے پکڑ میں آنا شروع ہو جائیں گے۔ جس کے بعد غیر ذمہ دار ڈرائیورز پر چار سو درہم کا جرمانہ ہو گا اور ڈرائیونگ لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔ اس جرمانے کی اطلاع گاڑی کے مالک کو ایس ایم ایس کے ذریعے دی جائے گی اور خلاف وزری دُہرانے پر جرمانے کی رقم میں اضافہ ہونے کے حوالے سے بھی خبردار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ابو ظبی پولیس اس حوالے سے آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے جو پانچ زبانوں میں ہو گی۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی لوگوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق ابو ظبی اور دیگر اماراتی ریاستوں میں اگلی گاڑیوں سے محفوط فاصلہ نہ رکھنے کی وجہ سے ہر روز متعدد حادثات ہوتے ہیں،کیونکہ اگر اگلی گاڑی کا ڈرائیور اچانک کسی وجہ سے بریک لگا دے، تو پچھلی گاڑی والا محفوظ فاصلہ نہ رکھنے کے باعث بریک لگانے کے باوجود بھی نہیں بچ پاتا، یا کئی بار وہ پریشانی میں بریک نہیں لگا سکتا۔

کئی بار یہ حادثات جان لیوا بھی ثابت ہوتے ہیں اور کئی افراد زندگی بھر کے لیے معذور بھی ہو جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ابو ظہبی میں ہونے والے ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ راہگیر بھی ہیں، جن کی غلط مقام سے سڑ ک کراس کرنے کی غلطی کئی بار اُن کی جان بھی لے جاتی ہیں۔ حالانکہ ہر سڑک پر راہگیروں کے لیے سڑ ک عبور کرنے کی خاطر زیبرا کراسنگ بنائی گئی ہیں، مگر راہگیر شارٹ کٹ کے چکر میں ان زیبرا کراسنگ کا استعمال نہیں کرتے۔

کئی پیدل افراد تیز رفتاری سے آتی گاڑی سے ٹکراتے ٹکراتے بچتے ہیں۔ جبکہ اکثر ڈرائیور بھی زیبرا کراسنگ سے متعلق قانون کی پرواہ نہیں کرتے۔ اگر کوئی ڈرائیور کسی کو زیبرا کراسنگ سے سڑک عبور کرتا دیکھے تو اسے ٹریفک ضابطے کے مطابق گاڑی کی رفتار ہلکی کر کے پیدل چلنے والوں کو سڑک عبور کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ مگر اُن کی یہ خود غرضی کسی مہلک حادثے کا باعث بن جاتی ہے۔

اسی وجہ سے ٹریفک قوانین میں راہگیروں کو راستہ نہ دینے والے ڈرائیوروں کو قانون کی خلاف ورزی پر 500 درہم کا جرمانہ کیا جاتا ہے اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس پر بطور سزا 6 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی کیا جاتا ہے۔ پولیس کی جانب سے راہگیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سڑک صرف انڈر پاسز، اوور ہیڈ برج یا پھر ٹریفک سگنلز پر موجود زیبرا کراسنگ سے پار کریں تاکہ اُن کی جانوں کو خطرہ لاحق نہ ہو۔ اگر کوئی راہگیر غیر مخصو مقام سے سڑک پار کرتا پایا گیا تو اس پر قانون کی خلاف ورزی پر 400 درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں