ابو ظہبی میں انتہائی ہولناک حادثہ، 6 افراد ہلاک، 19 زخمی

ٹرک ڈرائیور نے کارسوار کو بچانے کے لیے اچانک بریک لگائی تو پچھلی جانب سے آنے والی بس ٹرک کے پچھلے حصّے میں جا لگی، حادثے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 جنوری 2020 17:54

ابو ظہبی میں انتہائی ہولناک حادثہ، 6 افراد ہلاک، 19 زخمی
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2020ء) ابو ظہبی میں آج صبح انتہائی خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں6 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ ٹریفک حادثہ ایک کار ڈرائیور کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا، جو اچانک ایک ٹرک کو تیزی سے اوور ٹیک کر کے اس کے آگے آگیا تو ٹرک ڈرائیور کو بریک لگانا پڑی تاہم ٹرک کے پیچھے آنے والی بس اس اچانک بریک کی وجہ سے ٹرک کے پچھلے حصّے میں جا لگی۔

جس کے باعث بس میں سوار 6 افراد موقع پر ہی زندگی سے محروم ہو گئے، جبکہ 19 افراد زخمی ہوئی ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج صبح ساڑھے چھ بجے ابو ظہبی سے دُبئی جانے والی شیخ زاید بن سلطان سٹریٹ پر ال رہا بِیچ کے عین سامنے پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

جائے حادثے کے قریب نصب سرویلنس کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرنے پر پتا چلا ہے کہ یہ حادثہ ایک کار ڈرائیور کی سنگین ٹریفک خلاف ورزی کے باعث پیش آیا ہے جو ٹرک کو اوور ٹیک کرنے کے دوران اُس کے آگے آ گیا تھا۔

ٹرک ڈرائیور کی اچانک بریک کے باعث پیچھے آنے والی بس کو بریک لگانے کا موقع نہ مِلا اوروہ سیدھی ٹرک میں جا گھُسی۔اس جان لیوا حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل محمد الحُسینی نے بتایا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں اور طبی امداد کا عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گیا، جہاں زخمیوں کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر انہیں فوراً قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی بس اور ٹرک کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔

حادثے کے بعد پولیس نے دارالحکومت کا مین رُوٹ شیخ زائد برِج کے ایگزٹ کے مقام پر بند کر دیا تھا جو بعد میں کھول دیا گیا۔ اس حادثے کے بعد سڑک پر گاڑیوں کی کئی کلومیٹر لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، جس کے بعد کئی مقامات سے ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کر دیا گیا۔ آخر 8 بج کر 55 منٹ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہو گئی۔ لیفٹیننٹ کرنل حُسینی نے تمام ڈرائیورز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ غیر ذمے داری کا مظاہرہ نہ کیا کریں تاکہ اس طرح کے ہولناک حادثے سے بچ سکیں۔ تمام ڈرائیورز کو ٹریفک سگنلز اور مقرر کردہ حدِ رفتار کی مکمل طور پر پابندی کرنی چاہیے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں