متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے دو اور مریض سامنے آ گئے

ابو ظہبی میں ایک چینی اور ایک فلپائنی باشندہ بھی کرونا وائرس کے شکار نکلے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 فروری 2020 11:03

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے دو اور مریض سامنے آ گئے
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8فروری 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کو روکنے اور اس سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ ابھی تک مملکت میں کرونا وائر س کے پانچ مریض سامنے آئے تھے۔ تاہم اب سے تھوڑی دیر پہلے گلف نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابو ظہبی میں بھی دو مزید غیر مُلکی کرونا وائرس سے متاثرہ نکلے ہیں جن میں سے ایک چینی باشندہ ہے جبکہ دُوسرے کا تعلق فلپائن سے ہے۔

جس کے بعد امارات میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 ہو چکی ہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے آج صبح بتایا گیا ہے کہ آج صبح مزید دو چینی باشندے کرونا وائرس سے متاثرہ پائے گئے ہیں۔ ان فلپائنی اور چینی باشندوں میں کرونا وائرس کی تشخیص اس وقت ہوئی جب اُن کی سکریننگ کی گئی۔

(جاری ہے)

سکریننگ کا یہ عمل ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے معیارات کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق ان دونوں کو اس وقت نگرانی میں رکھا جا رہا ہے اور اُن کا مملکت کے اعلیٰ صحت و تحفظ کے معیارات کے مطابق علاج بھی کیا جا رہا ہے۔ وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ مملکت بھر میں لوگوں کی سکریننگ کا عمل جاری رکھا جائے گا جب تک کہ یہ تسلّی نہ ہو جائے کہ یہاں پر کرونا وائرس کا کوئی اور مریض نہیں ہے۔ اس مقصد کے لیے وزارت صحت دیگر تمام سرکاری اداروں کے تعاون سے مِل کر اپنا کام کر رہی ہے تاکہ مملکت میں مقیم مقامی اور غیر مُلکی باشندوں کی زندگیوں اور صحت کے بھرپور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور کرونا جیسی وباء کی روک تھام کی جا سکے۔

وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کے تازہ ترین شکار افراد کے حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں ظاہر کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا خوف سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ امارات میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلے پانچ مریض صحت یاب ہو گئے ہیں کرونا وائرس کے حوالے سے ہوائی اڈوں پر بھی سکریننگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جبکہ لوگوں کی بھی ایک بڑی گنتی نے اپنے بچاؤ کی خاطر ماسک کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

اماراتی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا گیا ہے ۔ دُبئی ہیلتھ اتھارٹی نے اس حوالے سے تمام ہسپتالوں کو ایک سرکلر بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تمام ہسپتالوں میں کرونا وائر س کے متاثرین کا علاج بلامعاوضہ کیا جائے گا۔ مفت علاج کی یہ سہولت اُن تما م افراد کو بھی میسر ہو گی جنہوں نے اپنی میڈیکل انشورنس نہیں کروا رکھی ہے۔ وزارت صحت کے اعلان کے مطابق کرونا وائرس کے تمام مریضوں کو دی جانے والی علاج کی سہولت ہنگامی علاج کے زمرے میں شمار ہو گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں