اماراتی طالبات نے ٹیکنالوجی کے میدان میں انوکھا کارنامہ کر دکھایا

ابوظہبی کی دو طالبات نے موبائل چارج کرنے والے جُوتے تیار کر لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 فروری 2020 12:06

اماراتی طالبات نے ٹیکنالوجی کے میدان میں انوکھا کارنامہ کر دکھایا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12فروری 2020ء) متحدہ عرب امارات میں مقامی افراد کو اعلیٰ درجہ کی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران انقلابی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔اس مقصد کے تحت مملکت کے چپے چپے میں سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کا جال بچھایا گیا ہے جس کے ثمرات بہت تیزی سے سامنے آنا شروع ہو رہے ہیں۔ خصوصاً اماراتی خواتین سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی جِدت پسندانہ سوچ اور قابلیت کا لوہا منوا رہی ہیں۔

اماراتی طالبات کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظبی کے شہر العین میں پریکٹیکل ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کی طالبات نے خصوصی اسپورٹس جوتے تیار کیے ہیں جن کی مدد سے موبائل فون آسانی سے چارج کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان اسپورٹس جوتوں کی مدد سے صارفین چلتے پھرتے، بھاگے دوڑتے گھر سے اندر اور باہر کہیں پر بھی پلگ اور بجلی کنکشن کے بغیر اپنا موبائل چارج کر سکتے ہیں۔

اماراتی طالبات کی یہ ایجاد العین بلدیہ کے خصوصی پروگرام میں پیش کی گئی جن کا انعقاد ہر مہینے کروایا جاتا ہے۔ اس نمائش میں ہر ماہ انوکھی اور اچھوتی ایجادات نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔ جوتے تیار کرنے والی طالبات کا کہنا تھا کہ یہ جوتے بغیر الیکٹرک سپلائی کے خرچے کے مفت میں چارجنگ کا کام دیتے ہیں اور ماحول دوست بھی ہیں۔ ان جوتوں سے جہاں چہل قدمی اور اسکیٹنگ کی جا سکتی ہے وہاں ان سے موبائل فون کے علاوہ دیگر آلات کی چارجنگ بھی کی جا سکتی ہے۔ کیونکہ ان شوز سے کیمرے ، سپیکرز اور دیگر صوتی آلات کو بھی بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں