امارات کی تمام ریاستوں میں تین روزہ سٹیریلائزیشن مہم آج سے شروع ہو گی

آج کے روز شروع ہونے والی یہ جراثیم کُش اتوار تک جاری رہے گی، جس دوران رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک ٹریفک اور میٹرو بند رہے گی، لوگوں کے باہر نکلنے پر پابندی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 مارچ 2020 10:43

امارات کی تمام ریاستوں میں تین روزہ سٹیریلائزیشن مہم آج سے شروع ہو گی
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مارچ 2020ء) کورونا وائر س کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام اماراتی ریاستوں میں تین روزہ سٹیریلائزیشن مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت تمام عوامی مقامات، گلیوں، سڑکوں، سرکاری ٹرانسپورٹس اور میٹرو ٹرین کی صفائی ستھرائی اور جراثیم سے پاک کرنے کے لیے سٹیریلائزیشن کی جائے گی۔ یہ سٹیریلائزیشن مہم آج جمعرات کی شب سے شروع ہو کر اتوار کی رات تک جاری رہے گی۔

جس دوران رات 8بجے سے صبح 6 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو سروسز بند رہیں گی جبکہ لوگوں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس دوران گھروں تک ہی محدود رہیں، کیونکہ ان اوقات میں کسی کو باہر آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ خلاف ورزی پر قید اور جرمانہ بھگتنا پڑے گا۔ یہ جراثیم کُش مہم وزارت صحت اور وزارت داخلہ کے باہمی تعاون سے شروع کی جائے گی جس میں دیگر وفاقی اور مقامی ادارے اور محکمے بھی حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

سٹیریلائزیشن کے اوقات میں ٹریفک اور لوگوں کی نقل و حرکت محدود کر دی جائے گی۔ جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو سروسز بھی بند رہیں گی۔ وزارت صحت اور وزارت داخلہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ سٹیریلائزیشن کے دوران گھروں سے باہر نہ آئیں، البتہ خوراک، ادویہ اور دیگر ضروری سامان کی خریداری کی خاطر باہر آیا جا سکتا ہے۔ تاہم انرجی، ٹیلی کمیونیکیشنز، ہیلتھ، سیکیورٹی اور پولیس ڈیپارٹمنٹ سے منسلک افراد کے اس دوران باہر آنے پر کوئی پابندی عائد نہیں ہو گی۔

گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی کا اطلاق ملٹری، پوسٹل، فارماسیوٹیکل، واٹراینڈ فوڈ، ایئرپورٹ اینڈ ایوی ایشن اور پاسپورٹ کے محکموں اور اداروں سے منسلک افراد پر بھی نہیں ہو گا۔ ان تمام شعبوں میں کام کرنے والے افراد کو سٹیریلائزیشن کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے کی صورت میں اپنے شناختی کارڈ اور محکمانہ کارڈ اپنے پاس رکھنا لازمی ہوں گے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں