متحدہ عرب امارات نے صرف14 روز میں کورونا ٹیسٹ کی جدید ترین لیبارٹری قائم کر لی

اس بڑی لیبارٹری میں اگلے چند روز میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ شروع ہو جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اپریل 2020 10:02

متحدہ عرب امارات نے صرف14 روز میں کورونا ٹیسٹ کی جدید ترین لیبارٹری قائم کر لی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک شاندار اقدام حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے لیے وسیع رقبے پر جدید ترین لیبارٹری کا قیام ہے جس سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ مستفید ہوں گے۔ اماراتی حکام نے ابوظبی میں کورونا کے ٹیسٹ کے لیے صرف 14 روز کے اندر ایک بڑی اور جدید لیبارٹری قائم کی ہے۔

جس میں اگلے چند روز میں کورونا کے موذی مرض کے شکار اور مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ شروع کر دیئے جائیں گے۔العربیہ نیوز کے مطابق یہ جدید لیبارٹری جینومکس کمپنی بی جی آئی اور ابوظبی میں قائم سرکردہ ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 (جی 42) نے مشترکہ طور پر قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

یو اے ای میں قبل ازیں بھی لوگوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور ابوظبی میں اسی ہفتے ایک موبائل ٹیسٹنگ سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

بی جی آئی اور جی 42 کے اعلان کے مطابق نئی لیبارٹری یو اے ای کے مصدر شہر میں قائم کی گئی ہے اور یہاں بڑے پیمانے پر ٹیسٹوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔جی 42 کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ اس لیبارٹری میں بی جی آئی کی تیار کردہ آر ٹی-پی سی آر کی تشخیصی کٹس کو استعمال کیا جائے گا۔اس کے ذریعے نظام تنفس کے لیے اکٹھے کیے گئے نمونوں کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

ان تشخیصی کٹوں کی چین ، یورپ اور امریکا کے طبی ادارے اور عالمی ادارہ صحت منظوری دے چکے ہیں۔جی 42 نے کہا ہے کہ نئی لیبارٹری میں یو اے ای اور اس کے ہمسایہ ممالک سے اکٹھے کیے گئے نمونوں کے ٹیسٹوں کو ترجیح دی جائے گی لیکن اس نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی ہے اور نہ اس لیبارٹری سے استفادہ کرنے والے ممالک کا نام بتایا ہے۔بی جی آئی کے شریک بانی اور چیئرمین وانگ جیان نے کہا ہے کہ ”ہم (اس لیبارٹری میں )یو اے ای اور اس سے ماورا لوگوں کے علاوہ عالمی سطح پر صحت کو درپیش خطرے سے نمٹنے کے لیے دنیا کی بہتری ٹیکنالوجی اور تجربے کو بروئے کار لائیں گے۔“

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں