ابوظبی کے علاقے مُصفّہ میں کل سے لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے

سینیٹائزیشن پروگرام کے دوران لوگوں کے علاقے میں داخلے اور باہر نکلنے پر مکمل پابندی ہو گی،غیر قانونی تارکین کے بھی کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے، ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 مئی 2020 11:08

ابوظبی کے علاقے مُصفّہ میں کل سے لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2020ء) ابوظبی کے اہم صنعتی علاقے مُصفّہ میں کل 9 مئی سے لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، جس کے دوران مصفّہ کے مکینوں کو دوسرے علاقوں میں جانے پر پابندی ہو گی، اسی طرح دیگر علاقوں کے افراد بھی مُصفّہ میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق یہ پابندی مصفہ میں کل سے شروع ہونے والے سینیٹائزیشن پروگرام کی وجہ سے عائد کی جا رہی ہے۔

اس پروگرام کے تحت علاقے میں مقیم تمام کارکنان کے مفت کورونا ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ آج صبح دُبئی میڈیا آفس کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس حوالے سے تفصیلات دی گئی ہیں، جس کے مطابق مصفہ کے مخصوص بلاکس کو بند کر کے وہاں سینیٹائزیشن کی جائے گی اور کارکنوں کے کورونا ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ تاہم اس دوران کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

البتہ دیگر علاقوں کے مکینوں کو سینیٹائزیشن پروگرام کے دوران مصفہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کسی بھی بلاک میں سٹیریلائزیشن کا دورانیہ اس کے رقبے اور اس بات پر منحصر ہو گا کہ وہاں کتنے لوگوں کے کورونا ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ ٹویٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مہم کا مقصد علاقے میں مقیم تمام افراد کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ، جس کی خاطر اس علاقے کے تمام کارکنان کے کورونا ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔ تمام کارکنان کو ٹیسٹنگ سنٹرز تک لانے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا ئے گی،
جبکہ علاقہ مکینوں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے مختلف زبانوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

دُبئی میڈیا سنٹر نے اعلان کیا ہے کہ ایسے کارکنان جو ویزہ ضوابط کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، ان کے بھی ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ان غیر قانونی طور پر مقیم کارکنان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی، کیونکہ لوگوں کو کورونا سے بچانا ہی اس وقت سب سے بڑی ترجیح ہے۔ 

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں