ابوظبی: کرفیو کے دوران باہر نکلنے کے لیے پرمٹ لازمی ہوگا

رات 10 بجے سے صبح 6 بجے کے دوران سٹیریلائزیشن مہم کے دوران پرمٹ کے بغیر باہر نکلنے پر قانونی کارروائی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 مئی 2020 11:30

ابوظبی: کرفیو کے دوران باہر نکلنے کے لیے پرمٹ لازمی ہوگا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11مئی 2020ء) ابو ظبی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ سٹیریلائزیشن کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی ہو گی۔ابوظبی میڈیا آفس کے ٹویٹراکاؤنٹ پر آگاہ کیا گیا ہے کہ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو کے اوقات میں کسی کو گھر سے باہر آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ گھروں سے باہر نکلنے کے لیے پہلے آن لائن پرمٹ حاصل کرنا پڑے گا۔

یہ پرمٹ مخصوص وقت کے لیے کارآمد ہو گا۔ اگر کوئی شخص پرمٹ کے بغیر گھر سے نکلے گا تو اسی بھاری جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔یہ آن لائن پرمٹ ابوظبی پولیس کی ویب سائٹ adpolice.gov.ae. سے حاصل کیا جا سکتاہے۔ البتہ کسی ضروری سامان اور ادویہ کی خریداری یا میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں کرفیو کے اوقات میں گھر سے باہر نکلا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جو لوگ ممنوعہ اوقات میں گھروں سے باہر نکلیں گے، انہیں سڑک پر موجود پولیس کو ٹھوس وجہ سے مطمئن کرنا ہو گا۔

ابوظبی ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے اداروں سے ان ملازمین کے نام اور ان کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی تفصیلات مانگ لی ہیں، جو اپنی ڈیوٹی کے باعث کرفیو کے اوقات میں باہر نکلنے پر مجبور ہیں۔ ان ملازمین کی گاڑیوں کا ریکارڈ رجسڑڈ ہونے کے بعد ان پر کرفیو خلاف ورزی کا اندراج نہیں ہو گا۔ اگر کوئی شخص یہ سمجھتا ہے کہ اس پر کرفیو کی خلاف ورزی پر بلاجواز جرمانہ عائد کیا گیا ہے تو وہ خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کے بعد پندرہ روز کے اندر ویب سائٹ pp.gov.ae پر اپنا اعتراض درج کرا سکتا ہے۔

تاہم اس کو بے قصور ہونے کے لیے تسلی بخش ثبوت فراہم کرنا ہوں گے، جس کے بعد متعلقہ حکام اس کے اعتراض پر فیصلہ سُنائیں گے۔ابوظبی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کے دوران کرفیو کی خلاف ورزی نوٹ کرنے کے لیے ٹریفک ریڈارز اور سمارٹ سسٹمز کو استعمال میں لایا جائے گا۔ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو کے دوران جو لوگ بلااجازت گاڑی لے کر باہر نکلیں گے، سڑکوں پر موجود ریڈارز اور دیگر ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں خود کار نظام کے ذریعے جرمانے کا میسج بھیج دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پولیس کی گاڑیاں بھی کرفیو کی نگرانی کے لیے سڑکوں پر موجود ہوں گی تاکہ لوگوں کو نیشنل سٹیریلائزیشن پروگرام کے دوران گھروں تک ہی محدود رکھا جائے۔ ابوظبی پولیس نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ سٹیریلائزیشن کے اوقات میں گھروں سے ہرگز باہر نہ نکلیں، البتہ اگر ضروری سامان یا ادویہ خریدنی ہوں یا کوئی ہیلتھ ایمرجنسی ہو تو پھر گھر سے باہر نکلا جا سکتا ہے۔ تاہم گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک اور گلوز پہننا لازمی ہوں گے۔ دوسری جانب اٹارنی جنرل کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ جو لوگ کرفیو کے اوقات میں بغیر کسی انتہائی ضرورت کے گھر سے نکلیں گے، انہیں 2 ہزار درہم کا جرمانہ بھرنا پڑے گا۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں