متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی

امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید731 کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں، اب تک کل 23,358 افراد مہلک وبا سے متاثر ہو چکے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 17 مئی 2020 15:56

متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی، امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید731 کیسز اور6 اموات رپورٹ ہوئیں، اب تک کل 23,358 افراد مہلک وبا سے متاثر ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 731کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا کے مزید 6 مریض دم توڑ گئے، اس طرح امارات میں کورونا سے مرنے والوں کی کُل تعداد 220 تک جا پہنچی ہے۔

دوسری جانب کورونا سے شفا یاب ہونے والوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 581 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ۔ مملکت میں کورونا کے مجموعی طور پر 5ہزار512 مریض شفا یاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے مطابق امارات میں لاکھوں افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ مملکت میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی گنتی کے پیش نظر اماراتی حکام نے قومی سلامتی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری دی ہے۔

اس نئے قانون کے مطابق جو افراد کورونا سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں دس لاکھ درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ جبکہ دبئی میں پیر سے 70 پبلک پارکس کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دبئی میونسپلٹی کی جانب سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت 15 مارچ سے بند کیے گئے پارک مرحلہ وار کھولے جارہے ہیں جس کے تحت پیر سے 70عوامی پارک کھول دیے جائیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل آف دبئی میونسپلٹی داؤد الحجیری کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی نے عوامی پارکوں کو تین مرحلوں میں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، مرحلہ وار پارکوں کو کھولنے کے ساتھ ساتھ ان میں بتدریج سہولیات کی فراہمی، نگرانی اور احتیاطی تدابیر کی پیش رفت کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پارک سروسز متعلقہ اتھارٹیز، پارٹنرز، اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور ان کی معاونت کے بعد دبئی ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا اور کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے بحال کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ دبئی میں لاک ڈاؤن سے پریشان فلم بینوں کے لیے ووکس سینماز نے پہلا ڈرائیو اِن سینما کھول دیاہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ’’ڈرائیو ان سینما ‘‘ماجد الفطیم شاپنگ مال کی چھت پر بنایا گیا ہے، جس میں دو افراد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فلم سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں