امارات نے کورونا کی فوری تشخیص کرنے والا لیزر آلہ تیار کر لیا

اس آلے سے خون کے خلیوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کا چند سیکنڈز میں پتا چل جاتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 مئی 2020 10:01

امارات نے کورونا کی فوری تشخیص کرنے والا لیزر آلہ تیار کر لیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مئی 2020ء) کورونا وائرس کی فوری تشخیص ممکن نہ ہونا بھی اس موذی مرض کے تیزی سے پھیلنے کی ایک وجہ ہے کیونکہ جب تک کسی فرد میں کورونا کی تصدیق ہوتی ہے، وہ انجانے میں درجنوں افراد میں یہ وائرس منتقل کر چکا ہوتا ہے۔ تاہم امارات میں کورونا وائرس کی فوری تشخیص کرنے والا لیز آلہ تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ جدید آلہ خون کے خلیوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتا چند سیکنڈز میں چلا لیتا ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یہ نیا لیزر آلہ کوانٹ لیز امیجنگ لیبارٹری نے تیار کیا ہے۔اس کے ذریعے خون کے خلیوں میں دخول کرنے والے کرونا وائرس کا تیزی سے اور بیک وقت بڑی تعداد میں سراغ لگایا جاسکے گا اور اس کے نتائج چند سیکنڈز میں دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس سے یو اے ای میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا دائرہ کار پھیلانے میں مدد ملے گی۔

وام نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ محققین وائرس سے متاثرہ خون کے خلیوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا مطالعہ کررہے ہیں۔یہ نیا آلہ وائرس سے متاثر ہونے والے خون کے خلیوں کا فوری طور پر سراغ لگا سکے گا۔اس لیزر آلے کی تیاری پر کام کرنے والے محققین کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر پرمود کمار نے کہا ہے کہ” یہ نیا آلہ صارف دوست ہے،ضرررساں نہیں اور کم لاگت ہے۔

“ان کا کہنا ہے کہ اس ٹیسٹنگ ڈیوائس کو اسپتالوں اور عوامی مقامات ،دونوں جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ معمولی سے تربیت کے بعد اس کو گھروں میں کرونا کے ٹیسٹ اور نگرانی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ہمیں یہ یقین ہے کہ یہ لیزر آلہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کاوشوں میں اہم ایجاد ثابت ہوگا۔ریسرچروں نے اس آلے کے موٴثر ہونے کی جانچ کرنے کے لیے اس کو مرحلہ وار ٹیسٹوں میں استعمال کیا ہے۔

پھر اس کی مختلف آزمائشیں کی گئی ہیں اور یہ عمل مختلف مراحل میں کیا گیا ہے۔وام کے مطابق اس ڈیوائس کے موجدین کو امید ہے کہ یہ آیندہ چند ماہ میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔اماراتی وزیر صحت عبدالرحمان الاویس کا کہنا ہے کہ یو اے ای نے کووِڈ-19 کے جلد اور تیزی سے سراغ لگانے کے لیے ہمیشہ ایجادات کو اپنایا ہے۔ہمیں فخر ہے کہ اب ہم ایک ایسی ٹیکنالوجی ملاحظہ کریں گے جس کے ذریعے ہمیں اپنے لوگوں کو بہتر تحفظ مہیا کرنے میں مددملے گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں