ابوظہبی میں موجود وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے ٹکٹوں کے اجراء کی نئی پالیسی جاری کر دی گئی

پاکستانی سفارت خانے یا پی آئی اے دفتر میں ٹکٹس دستیاب نہیں ہوں گے، کرایوں میں بھی رد و بدل کر دیا گیا، پاکستان واپسی کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ مجاز ٹریول ایجنٹ، پی آئی اے ویب سائٹ یا ایپ سے کی جا سکے گی

muhammad ali محمد علی بدھ 10 جون 2020 19:56

ابوظہبی میں موجود وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے ٹکٹوں کے اجراء کی نئی پالیسی جاری کر دی گئی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2020ء) ابوظہبی میں موجود وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے ٹکٹوں کے اجراء کی نئی پالیسی جاری کر دی گئی، پاکستانی سفارت خانے یا پی آئی اے دفتر میں ٹکٹس دستیاب نہیں ہوں گے، کرایوں میں بھی رد و بدل کر دیا گیا، پاکستان واپسی کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ مجاز ٹریول ایجنٹ، پی آئی اے ویب سائٹ یا ایپ سے کی جا سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق ابوظہبی اور العین میں موجود پاکستان واپس آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے سے جاری ہدایت نامہ کے مطابق وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے ٹکٹوں کے اجراء کی نئی پالیسی جاری کی گئی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب پاکستانی سفارت خانہ یا پی آئی اے کے دفتر سے ٹکٹوں کی خریداری ممکن نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

مقامی حکام کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے باعث سفارت خانے اور پی آئی اے دفتر پر ٹکٹس دستیاب نہیں ہوں گے۔ ابوظہبی میں موجود وہ پاکستانی جو وطن واپس آنا چاہتے ہیں، انہیں اب مجاز ٹریول ایجنٹ، پی ائی اے کی ویب سائٹ یا ایپ سے ٹکٹ بک کروانا ہوں گے۔ جبکہ پاکستان واپس کیلئے کرایوں میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی مسافر سے فضائی کرایہ زیادہ وصول کرنے کی کوشش کی جائے، تو اس بات کی شکایت فوری سفارت خانہ اور پی آئی اے حکام تک پہنچائی جائے۔

دوسری جانب وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کہا ہے کہ حکومت 7 سے 15 جون کے درمیان متحدہ عرب امارا ت میں پھنسے 10 ہزار 500 افراد کو 46 خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لائے گی۔ کورونا وباء کی وجہ سے فضائی سفر پر پابندیوں کے باعث دنیا بھر میں پھنسے 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے سمیت 5انٹر نیشنل ایئر لائنز جس میں قطر ایئرویز، یو اے ای ایئرلائن، سعودی ایئر لائن، سری لنکن ایئرلائن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

سعودی عرب میں پھنسے 5ہزار پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے 20 پروازیں چلائی جائیں گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کو واپس لانا کا عمل مختلف مراحل میں طے کیا جائے گا۔ ملازمتوں سے فارغ ہونے والے افراد ، طلباء اور ویزہ ایکسپائر ہونیوالے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر واپس لایا جارہا ہے ۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں