تقریب میں شرکت کرنے والے اماراتی خاندان پر غموں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے

بزرگ خاتون کورونا سے چل بسیں، جبکہ ان کے چار بیٹے اور چھے پوتے بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں، کوئی بھی ماں کے جنازے میں شریک نہ ہو سکا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 11 جون 2020 09:26

تقریب میں شرکت کرنے والے اماراتی خاندان پر غموں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جون 2020ء) کورونا وائرس ایک ہولناک حقیقت ہے۔ تاہم دُنیا بھر میں چار لاکھ سے زائد ہلاکتوں کے باوجود کروڑوں لوگ اس وبا کی تباہی اور بھیانک پن کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں، یا پھر اس سے بچاؤ کے لیے مناسب حفاظتی تدابیر کو خاطر میں نہیں لاتے۔ ابوظبی کے شہر العین کے ایک اماراتی خاندان کو بھی سماجی دُوری کو نظر انداز کرنے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑرہی ہے۔

الامارات الیوم کے مطابق اس اماراتی گھرانے نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک فیملی تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں اس گھرانے کے 11افراد شریک ہوئے، اس کے علاوہ خاندان کے بھی چند لوگ موجود تھے۔ انہی میں سے ایک فرد کورونا سے متاثر تھا، مگر ابھی اس میں علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں شرکت کے بعد اگلے روز ہی گھرانے کی بزرگ خاتون کی طبیعت خراب ہوئی، ہسپتال لے جانے پر ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

یہ 85 سال خاتون چند روز میں ہی چل بسیں۔ مگر اس خاندان کے ساتھ صرف یہی سانحہ نہیں ہوا، بلکہ تقریب میں شرکت کرنے والے بزرگ خاتون کے چار بیٹوں اور چھ پوتوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن کا ہسپتال میں علاج ہو رہا ہے۔بدقسمتی سے ہسپتال میں ہونے کے باعث چاروں بیٹوں میں سے کوئی بھی اپنی والدہ کے جنازے کو کندھا نہ دے سکا اور نہ ہی تدفین کی رسومات میں شریک ہو سکا۔

مرحومہ کے ایک بھتیجے عبداللہ بن قصیر الدرعی نے بتایا کہ کورونا متاثرین میں ایک 7 سالہ پوتا بھی شامل ہے۔ اس گھرانے کے جتنے بھی افراد تقریب میں شریک ہوئے، سب کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔یوں اس خاندان کی بے احتیاطی بزرگ خاتون کی موت کا باعث بن گئی اور اس کے بیٹوں کی زندگیاں بھی خطرے میں گھری ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی امارات میں اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔

جب ایک ہی خاندان کے 30 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ خاندان کے ایک گھرانے نے اپنے رشتہ دار گھرانے کو افطار کی دعوت پر بُلایا۔ حالانکہ حکومت کی جانب سے5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہے۔مگر اس اماراتی خاندان نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا۔ بعد میں جب اس خاندان کے چند افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تو باقی افراد کے بھی ٹیسٹ لیے گئے، جن کے ٹیسٹ پازیٹو آگئے۔

مجموعی طور پر اس خاندان کے 30 افراد کورونا کا شکار ہو گئے ہیں جن میں 2 ماہ کے شیر خوار بچے سے لے کر بزرگ افراد بھی شامل ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ان افراد نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اجتماعی دعوت میں شرکت کی۔ اس دوران سماجی فاصلے کو بھی نظر انداز کیا گیا، جبکہ ماسک اور گلوز پہننے جیسی احتیاطی تدابیر بھی اختیار نہ کی گئیں، جس کا نتیجہ درجنوں افراد میں کورونا کی تشخیص کی صورت میں ظاہر ہوا۔حکومت کی جانب سے تارکین اور مقامی باشندوں کو مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وبا کے دنوں میں کسی بھی سماجی اور خاندانی تقریب کا انعقاد نہ کیا جائے۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں