سعودی عرب سے 15 ہزار پاکستانی واپس پہنچ گئے ہیں

جدہ اور مدینہ سے پی آئی اے کی 31 پروازوں کے ذریعے 6,590 جبکہ ریاض اور دمام سے 45 پروازوں کے ذریعے 8,776 پاکستانی وطن پہنچے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 29 جون 2020 12:21

سعودی عرب سے 15 ہزار پاکستانی واپس پہنچ گئے ہیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون 2020ء) سعودی عرب سے پی آئی اے کی 76 پروازوں کے ذریعے یکم مئی سے اب تک 15 ہزار کے لگ بھگ پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یکم مئی سے 28 جون تک جدہ اور مدینہ سے پی آئی اے کی 31 پروازوں کے ذریعے 6,590 پاکستانیوں کی وطن واپسی ہوئی ہے جبکہ ریاض اور دمام سے 45 پروازوں کے ذریعے 8,776 پاکستانی واپس جا چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے روز ریاض ، جدہ اور دمام سے چار خصوصی پروازوں کے ذریعے 1,042 پاکستانی وطن لوٹ گئے۔ جبکہ اتوار کے روز بھی جدہ، ریاض اور دمام سے اسلام آباد، کراچی اور پشاور کے لیے چار پروازیں روانہ ہوئیں۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب سے پاکستان کے تمام شہروں کو جانے والی پروازوں کا کرایہ فکس کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد، کراچی اور ملتان کے لیے ٹکٹ کرایہ ایک جیسا ہی ہو گا۔

سعودیہ میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایہ 1,816ریال جبکہ سپیشل اکانومی کا کرایہ 2,182 ریال مقرر کیا گیا ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹریول ایجنٹ ٹکٹ کے بدلے میں فکس ریٹ سے زیادہ رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی اطلاع فوری طور پر پاکستانی سفارتخانے یا پی آئی اے دفتر کو دی جائے۔

جبکہ پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے بھی اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ اگر کسی پاکستانی کو لگتا ہے کہ اسے PIA کی ٹکٹ مہنگے داموں بیچ جا رہی ہے تو وہ مجھ سے براہ راست 0599558311پر رابطہ کر لے۔دوسری جانب ۔وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز زلفی بخاری نے واضح کیا کہ وطن واپسی کے لیے ان پاکستانی تارکین کو ترجیح دی جا رہی ہے جن کی ملازمتیں کورونا کی وجہ سے ختم ہو چکی ہیں ۔

زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے واپس پاکستان آنے کے لیے ٹکٹس صرف پی آئی اے سے براہ راست خریدے جائیں گے۔ پی آئی اے کی جانب سے تمام پاکستانی شہروں کے لیے ایک ہی ریٹ پر ٹکٹ فروخت کی جا رہی ہیں، مسافروں سے اوور چارجنگ اور ان کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سید زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی ٹکٹس کے بدلے میں زیادہ رقم وصول کرتا ہے تو شکایت درج کرانے کے لیے ان نمبر اور ای میل ایڈریسز پر رابطہ کریں۔‘ 
[email protected] 111-786-786

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں