کم قیمت فضائی سفر کے خواہش مندوں کے لیے خوشی کی خبر آ گئی

متحدہ عرب امارات میں نئی ائیر لائن کا اضافہ ہو گیا، ایئر عربیہ کا کرایہ باقی تمام ایئر لائنز سے مقابلے میں کم رکھا گیا ہے، 14 جولائی کو پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 جولائی 2020 16:15

کم قیمت فضائی سفر کے خواہش مندوں کے لیے خوشی کی خبر آ گئی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات کی ائیر لائنز اپنی بہترین سروسز کی وجہ سے دُنیا بھر میں اپنی شناخت رکھتی ہیں، جن میں ایمریٹس سرفہرست ہے، اس کے علاوہ اتحاد اور فلائی دُبئی بھی خاصی شہرت کی حامل ہیں۔ امارات میں مقیم تارکین اور مقامی افراد کے لیے خوشی کی خبر یہ ہے کہ اب مملکت میں ایک اور ایئرلائن اپنی پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے، جو ایئر عربیہ ابوظبی کے نام سے آپریٹ کر رہی ہے۔

گلف نیو ز کے مطابق اس نئی ایئر لائن کے کرائے باقی تمام اماراتی ایئر لائنز کے مقابلے میں کم رکھے گئے ہیں۔ ایئر لائن کی جانب سے پہلی پرواز 14 جولائی سے شروع ہو گئی جو ابوظبی سے مصر کے شہر اسکندریہ کو روانہ ہو گی۔ جبکہ 15 جولائی کو مصر کے ہی شہر سوہاگ کے لیے بین الاقوامی پرواز روانہ ہو گی۔

(جاری ہے)

سفر کے خواہش مند حضرات ایئر عربیہ کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی ٹکٹس بُک کروا سکتے ہیں ۔

اتحاد ایوی ایشن گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹونی ڈگلس نے کہا کہ اس بحرانی دور میں لوگوں کی سہولت کی خاطر کم کرائے کی فضائی سروس شروع کی گئی ہے، جس پر ہم بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ایئر عربیہ اور اتحاد گروپ مل کر اس نئی ایئر لائن کو چلا رہے ہیں۔ ایئر عربیہ کی ابتدائی دو پروازیں مصر کے شہروں کے لیے روانہ ہوں گی۔ اس ائیر لائن کے مسافروں کو بھی کورونا وائرس کے حوالے سے انہی احتیاطی تدابیر اور ضوابط پر عمل کرنا ہو گا، جنہیں سول ایوی ایشن نے لازمی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز نے اپنے سینکڑوں ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کے علاوہ تنخواہوں میں کمی بھی کر دی ہے۔ دونوں ایئر لائنز کی جانب سے اپنے ملازمین کو ستمبر 2020ء تک کم تنخواہ دی جائے گی۔خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایمریٹس نے اپنے ملازمین کو ایک آفیشل ای میل بھیجی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس نے تین ماہ کے لیے جو تنخواہوں میں کٹوتی کا اعلان کیا تھا اس کی مُدت بڑھا کر30 ستمبر 2020ء تک کر دی گئی ہے۔

اس سے قبل تنخواہوں میں کٹوتی کا یہ دورانیہ اس مہینے جون میں ختم ہونا تھا۔ای میل کے مطابق کچھ کیسز میں تنخواہوں میں زیادہ کٹوتی ہوگی، جو کہ پچاس فیصد تک ہو سکتی ہے۔ ای میل میں یہ بھی لکھا تھا کہ یہ فیصلہ کمپنی کی کیش کی صورتحال کو بچانے کے لیے تمام آپشنز کا جائزہ لینے کے بعد کیا جارہا ہے۔امارات کی حکومت کا ایمریٹس گروپ نے اس بارے میں کوئی بیان دینے روئٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ اپریل سے ایمریٹس نے بنیادی تنخواہیں تین ماہ کے لیے 25 سے 50 فیصد تک کم کی تھیں، تاہم یہ کٹوتی کم درجے والے ملازمین پر لاگو نہیں کی گئی تھی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں