امارات میں 10 اکتوبر تک ویزوں کی تجدید نہ کروانے والے بھاری جرمانوں کے لیے تیار ہو جائیں

11 اکتوبر کو 125 درہم کا جرمانہ عائد ہو گا جبکہ اگلے چھ ماہ تک روزانہ 25 درہم کا جرمانہ عائد ہوتا رہے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 جولائی 2020 12:13

امارات میں 10 اکتوبر تک ویزوں کی تجدید نہ کروانے والے بھاری جرمانوں کے لیے تیار ہو جائیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات کے امیر سنٹرز کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ جن افراد کے رہائشی ویزے یکم مارچ 2020کے بعد ایکسپائر ہوئے ہیں، وہ 10 اکتوبر تک اپنے ویزوں کی تجدید کرا سکتے ہیں۔ویزہ پالیسی میں نئی ترامیم کے تحت کوئی بھی شخص جس کا ویزہ یکم مارچ کے بعد کسی بھی مہینے ایکسپائر ہو گا، وہ 10 اکتوبر تک اپنے ویزے کی مُدت میں توسیع کرانے کا پابند ہو گا۔

جو لوگ اپنے ویزوں کی مُدت میں توسیع نہیں کرانا چاہتے اور مملکت کو چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں وہ اپنے ویزوں کو منسوخ کرا سکتے ہیں، انہیں 10 اکتوبر 2020ء سے پہلے مملکت سے نکل جانا ہو گا۔ ان افراد کے ویزوں کی منسوخی کے کاغذات پر اس مہلت کا اندراج ہو گا جس کے اندر اندر انہیں مملکت کو چھوڑ کر چلے جانا ہو گا۔

(جاری ہے)

اگر کوئی شخص 10 اکتوبر تک اپنے ویزے کی مُدت میں توسیع نہیں کراتا اور نہ ہی مملکت کو چھوڑ کر جاتا ہے تو 11 اکتوبر سے اس کا مملکت میں قیام غیر قانونی تصور ہو گا، اور اس پر جرمانہ عائد ہو جائے گا۔

ڈیڈ لائن کے بعد پہلے روز 125 درہم کا جرمانہ عائد ہو گا۔ جس کے بعد ہرروز 25 درہم کا جرمانہ عائد ہوتا رہے گا جو کہ پہلے 180 روز یعنی چھ ماہ کے لیے ہوں گے۔ اس کے بعد کے اگلے چھ تک ہر روز کے حساب سے جرمانوں میں 50 درہم کا اضافہ ہوتا رہا ہے۔ جبکہ ایک سال غیر قانونی قیام کے بعد ہر روز 100 درہم کے حساب سے جرمانہ عائد ہو گا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں زائد المعیاد ویزے کی از سر نو توسیع کے لیے درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔

متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں میں نرمی پیدا کر کے ویزوں میں توسیع سے متعلق درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا۔ایسے افراد جن کے ویزے اور ایمریٹس آئی ڈی کارڈ مارچ اور اپریل میں زائد المعیاد ہونے کی وجہ سے غیر قانونی ہو گئے تھے وہ اتوار12 جولائی سے از سر نو اجرا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں،ایسے افراد جن کے ویزے اور کارڈ مئی میں ایکسپائر ہو گئے ہیں وہ 8 اگست سے درخواست دے سکتے ہیں۔

جبکہ جن افراد کے ویزے یکم جون اور 11جولائی کے دوران ایکسپائر ہوئے ہیں، انہیں تین ماہ کی رعایت دی گئی ہے۔ ان تارکین کو 10 ستمبر کے بعد سے اپنے ویزوں اور اقاموں کی لازمی تجدید کروانا ہو گی۔ تاہم جن افراد کے ویزے اور اقامے 12 جولائی اور اس کے بعد ایکسپائر ہو ں گے، انہیں کوئی رعایتی مُدت نہیں دی گئی ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے تارکین سے کہا گیا ہے کہ اپنی دستاویزات کی مُدت میں توسیع کے لیے آن لائن سسٹم سے فائدہ اُٹھائیں ۔ اس مقصد کے لیے انہیں گھر بیٹھے بیٹھے ہی توسیع کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔ تارکین فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی ویب سائٹ (ica.gov.ae)پر جا کر ویزے اور اقامے کی مُدت میں توسیع کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں