اماراتی حکومت کا تارکین وطن کے لیے شاندار اقدام

دُبئی کے علاوہ باقی اماراتی ریاستوں کے ویزہ ہولڈرز کو ویزوں کی تجدید کروانے کے لیے مزید ایک ماہ کی مہلت مل گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 17 جولائی 2020 17:25

اماراتی حکومت کا تارکین وطن کے لیے شاندار اقدام
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے تارکین وطن کے مفاد میں بہترین فیصلہ کر ڈالا ہے جس کے تحت ایکسپائرڈ ویزوں والے تارکین کو ویزوں کی مُدت میں توسیع کروانے کے لیے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جن تارکین کے ویزے یکم مارچ سے پہلے ایکسپائر ہو چکے ہیں اگر وہ چاہیں تو 11 اگست کے بعد مزید ایک ماہ کی مہلت حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اس سے قبل تارکین وطن کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ 11اگست تک اپنے ویزوں کی مُدت میں توسیع کروا لیں ، یا پھر مملکت سے روانہ ہو جائیں، ورنہ اس ڈیڈ لائن کے بعد انہیں جرمانوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ تاہم نئے اعلان کے بعد تارکین رعایت حاصل کر کے مملکت میں اپنا قیام مزید ایک ماہ تک بڑھا سکتے ہیں یا پھر انہیں ویزوں کی توسیع کروانے میں مزید 30 دن کا وقت مل جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم ابھی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی جانب سے ایک ماہ کی رعایتی مُدت کے لیے درخواستیں دینے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ وزٹ ویزہ ہولڈرز پر جرمانوں کی شرح رہائشی ویزہ ہولڈرز کے مقابلے میں زیادہ رکھی گئی ہے۔اگر کوئی ٹورسٹ ویزہ ہولڈر رعایتی مُدت ختم ہونے سے پہلے ویزے کی تجدید نہیں کروائے گا یا مملکت سے واپس نہیں جائے گا تو اس پر پہلے دن 200 درہم کا جرمانہ ہو گا۔

اور پھر اس کے بعد ہر روز 100 درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ تاہم اگر تارکین وطن کو ٹورسٹ یا وزٹ ویزہ دُبئی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے تو انہیں ایک ماہ کی مزید رعایت نہیں دی جا رہی۔ یہ بات دُبئی میں ویزوں کے معاملات دیکھنے والے امیر سنٹرز کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے تارکین سے کہا گیا ہے کہ اپنی دستاویزات کی مُدت میں توسیع کے لیے آن لائن سسٹم سے فائدہ اُٹھائیں ۔ اس مقصد کے لیے انہیں گھر بیٹھے بیٹھے ہی توسیع کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔ تارکین فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی ویب سائٹ (ica.gov.ae)پر جا کر ویزے اور اقامے کی مُدت میں توسیع کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں