امارات کے دورے پر گئے زُلفی بخاری نے پاکستانیوں کو خوش خبر سُنا دی

یکم اگست سے پاکستانیوں کے لیے ویزہ سروس بحال کر دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 جولائی 2020 12:27

امارات کے دورے پر گئے زُلفی بخاری نے پاکستانیوں کو خوش خبر سُنا دی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 2 جولائی 2020ء) پاکستان میں ہزاروں بے روزگار نوجوان امارات میں ملازمت کے خواہش مند تھے، تاہم کورونا وبا کے باعث ان کی اُمیدوں پر پانی پھر گیا تھا۔ مگر اب ان پاکستانی نوجوانوں کی سُنی گئی ہے۔ اماراتی حکام نے خوش خبری سُنائی ہے کہ یکم اگست سے پاکستانیوں کے لیے ویزہ سروس دوبارہ سے شروع ہو رہی ہے۔ سید زلفی بخاری جو کہ وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ہیں ،ان کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا ہے کہ یکم اگست سے اماراتی حکومت سیاحتی سرگرمیاں بحال کر رہی ہے ، جس کے نتیجے میں پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لیے وزٹ ویزوں کے اجراء کا سلسلہ بھی بحال ہو جائے گا۔

امارات کے خصوصی دورے پر آنے والے زلفی بخاری نے مزید بتایا کہ انہوں نے اماراتی وزیر برائے انسانی وسائل و اماریتائزیشن نصیر بن ثانی الحملی سے ملاقات کی جس دوران اماراتی ریاستوں میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو کورونا وبا کے باعث پیش آنے والی مشکلات اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس ملاقات کے دوران امارات میں پاکستانی افرادی قوت کو بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

اماراتی وزیر نے بتایا کہ امارات میں سیاحتی سرگرمیاں بحال ہونے کے ساتھ ہی ویزوں کے اجراء کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ اماراتی حکومت کی جانب سے زائد المعیاد ویزوں کی مُدت میں توسیع کے لیے ایک ماہ کی رعایت دی گئی ہے، تمام پاکستانیوں کو اس رعایت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے 17 اگست سے قبل اپنے ویزوں کی تجدید کروانی چاہیے تاکہ وہ جرمانوں سے بچ سکیں یا پھرجرمانہ ادا کیے بغیر وطن واپس لوٹ جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں زلفی بخاری نے کہا کہ اگرچہ امارات میں کورونا بحران کے دوران 36 ہزار پاکستانی بے روزگار ہو کر وطن واپس جا چکے ہیں، لیکن اگر ان کی امارات میں مجموعی تعداد کو دیکھیں جو 17 لاکھ کے لگ بھگ بنتی ہے تو پھر ملازمتوں سے محروم ہونے والوں کی گنتی کوئی زیادہ نہیں ہے۔ دوسری جانب پاکستانیوں نے امارات کی جانب سے ویزوں کے دوبارہ اجراء کی خبر پر بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔

دُبئی میں مقیم پاکستانی آئی ٹی ایکسپرٹ 32 سالہ حمید رضا نے بتایا کہ ان کے ایک قریبی رشتہ دار کو امارات میں نوکری مل گئی تھی، مگر ویزہ سروس معطل ہونے کے باعث وہ امارات نہیں آ سکے تھے۔ تاہم اب ان کے لیے آسانی پیدا ہو جائے گی۔ ایک اور پاکستانی سرفراز احمد انصاری جو کہ دُبئی کی ایک فرم میں مارکیٹنگ مینجر ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والے اسلام آباد میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ویزہ پابندیاں ختم ہونے کے بعد وہ اپنے گھر والوں کو دوبارہ امارات بُلا سکیں گے۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں