متحدہ عرب امارات میں قربانی کے جانور انتہائی مہنگے داموں فروخت ہونے لگے

کورونا وبا کے باعث بحری جہازوں کی بجائے ایئر کارگو سے جانور لائے جا رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 27 جولائی 2020 16:47

متحدہ عرب امارات میں قربانی کے جانور انتہائی مہنگے داموں فروخت ہونے لگے
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں اس بارعید الاضحی کے لیے قربانی کے جانوروں کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں جس کے باعث خاص طور پر پاکستانی اور بھارتی تارکین بہت پریشان ہیں اور ان کے لیے اچھے اور مناسب داموں والے جانور کا حصول خواب بن کر رہ گیا ہے۔ گلف نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عید کی آمد میں چند روز باقی بچے ہیں، مگر لوگ زیادہ قیمتوں کی وجہ سے ابھی تک جانور خرید نہیں پا رہے۔

تمام جانور منڈیوں میں اس بار بھیڑ، بکریاں اور گائے مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس بار قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں 100 درہم سے 200 درہم تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اس بارے میں ایک پاکستانی بیوپاری آفتاب علی کا کہنا ہے کہ اس بار کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان اور بھارت سے جانور بحری جہازوں کے ذریعے نہیں آ رہا، بلکہ ایئر کارگو سے لایا جا رہا ہے، جس پر بحری جہاز کی بہ نسبت زیادہ کرایہ خرچ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے بیوپاری بھی یہ جانور مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ اس بار صومالی بکروں کی مانگ زیادہ ہو گئی ہے، جس کی وجہ ان کی مناسب قیمت ہے۔ 18کلو وزن کا صومالی بکرے صرف 650 درہم میں دستیاب ہے۔ جبکہ اماراتی ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی مقامی نجدی بھیڑ میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں، جن کی افزائش العین اور الغربیہ کے فارم ہاؤسز میں کی جاتی ہے۔

تاہم مہنگے ہونے کی وجہ سے انہیں زیادہ تر مقامی افراد ہی خریدنا پسند کرتے ہیں۔ اس وقت امارات میں 16 سے 20 کلو کی نجدی بھیڑ 1,350 سے 1,400 درہم میں فروخت ہو یہ ہے جبکہ پچھلے سال اسی بھیڑ کی قیمت 1200 سے 1300 درہم کے درمیان تھی۔آفتاب علی نے مزید بتایا کہ ایک بحری جہاز پر پاکستان اور بھارت سے 5 ہزار جانور لائے جا سکتے ہیں تاہم اس بار کارگو جہاز کے ذریعے جانور لائے جا رہے ہیں۔ ایک کارگو جہاز میں 800 سے 2 ہزار جانور درآمد سما سکتے ہیں اور ان کا فضائی سفر مہنگا بھی پڑتا ہے۔ امارات میں اس بار 30 کلو کی بھیڑ 16 سو درہم سے 17 سو درہم میں فروخت ہو رہی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں