ایک اور اماراتی بینک نے سینکڑوں ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا

ابوظبی کمرشل بینک (ADCB) کے ترجمان نے کہا ہے کہ چار سو ملازمین کو خراب کارکردگی کی بناء پر نکالا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 29 جولائی 2020 12:29

ایک اور اماراتی بینک نے سینکڑوں ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2020ء) کورونا کی عالمی وبا کے باعث دُنیا بھر کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جہاں ایک طرف فضائی کمپنیاں دیوالیہ ہو رہی ہیں، وہاں بہت سے معروف بینک بھی خسارے کا شکار ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ دُبئی کے ایک معروف بینک نے800 ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کیا تھا، جس کی وجہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والے معاشی حالات بتائے گئے تھے۔

اب ایک اوراماراتی بینک نے بھی اپنے سینکڑوں ملازمین کو برخاست کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ابوظبی کمرشل بینک (ADCB) بینک کا کہنا ہے کہ اس سال چار سو کارکنان کے جاب کانٹریکٹس ختم کیے جا رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ADCB کے جن ملازمین کی نوکریاں ختم ہو رہی ہیں ان میں کنزیومر بزنس کے ملازمین اور انتظامیہ کے سینئر عہدے دار بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رائٹرز کا مزید دعویٰ ہے کہ بینک کو NMC Health کے معاملے میں بھی 3.6 ارب درہم کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ADCB اپنی 20 برانچز بند کرنے پر غور کر رہا ہے۔ ADCB کو سال 2020کی پہلی سہ ماہی کے دوران84 فیصد کم منافع ہوا ہے۔بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین کو کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے خراب حالات کی وجہ سے نہیں، بلکہ ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے نکالا جا رہا ہے۔

ہر سال اضافی ملازمین کی نوکریاں ختم کرنا معمول کی بات ہے۔ اس سال بھی ایسا ہی کیا جا رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اماراتی بینک رواں سال اپنے 10 سے 15 فیصد ملازمین کو نوکریوں سے نکال سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے معروف بینک ایمریٹس NBD نے اپنے800 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمریٹس NBD دْبئی کا سب سے بڑابینک ہے۔

بینک کے ترجمان نے بتایا کہ مستقبل میں بینک کی ضروریات اور اخراجات کو مدنظررکھتے ہوئے اس کے سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کی خاطر بینک کے 800 ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کی عالمی وبا نے اماراتی فنانشل سیکٹر اور بینکنگ شعبے کو بھی معاشی بحران سے دوچار کیا ہے۔ایمریٹس NBD بھی حالیہ بحران سے متاثرہوا ہے جس کے بعد اس کے مختلف آپریشنز اور سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں