متحدہ عرب امارات میں انٹری پرمٹ کی شرط ختم ہونے سے ہزاروں غیر مُلکیوں کا بھلا ہو گیا

کئی تارکین وطن کو ان کے مالکان نے ملازمت پر واپس آنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 اگست 2020 11:19

متحدہ عرب امارات میں انٹری پرمٹ کی شرط ختم ہونے سے ہزاروں غیر مُلکیوں کا بھلا ہو گیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2020ء) متحدہ عرب امارات نے کورونا وبا کے بحران کے دورا ن فلائٹ آپریشنز معطل کر دیا تھا جس کے باعث 2 لاکھ سے زائد اماراتی ویزہ ہولڈرز امارات سے باہر ہی پھنس کر رہ گئے تھے، جن کی زیادہ تر گنتی ملازمت پیشہ تھی۔ کئی ماہ تک امارات سے باہر رہنے کے باعث بہت سے تارکین وطن کو ان کے مالکان نے ملازمتوں سے فارغ کر دیا تھا۔

جبکہ مزید ہزاروں کا مستقبل ڈانواں ڈول ہو چکا تھا۔ ICA کے انٹری پرمٹ کی شرط نے بھی تارکین کو مشکل میں ڈال رکھا تھا۔ کیونکہ انٹری پرمٹ حاصل کرنے میں کئی ہفتے لگ جاتے تھے، جس سے تارکین کی جلد واپسی ممکن نہ تھی۔ تاہم دو روز قبل یہ پابندی ختم ہونے سے ہزاروں ملازمین کا بھلا ہو گیا۔ایک ایسا ہی غیر ملکی ذوالفقار عبدل ہے جسے مالک نے 15 اگست تک امارات واپس آنے کی آخری ڈیڈ لائن دے رکھی تھی۔

(جاری ہے)

44 سالہ عبدل نے بتایا کہ وہ بھارتی ریاست کرناٹک کا رہائشی ہے اور 2004ء سے امارات میں مقیم ہے جہاں وہ آئی ٹی انجینئر کی ملازمت کرتا ہے۔وہ اپنے گھر کے سات افراد میں سے اکیلا کمانے والا ہے۔ کورونا وبا سے پہلے اس کا اچھا بھلا گزارا ہو رہا تھا۔ تاہم کورونا کی وبا نے اسے بڑی مشکل میں ڈال دیا۔ وہ فروری میں بھارت گیا، تاہم مارچ میں فضائی سفر پر پابندیوں کے باعث وہیں پھنس کر رہ گیا تھا۔

کئی ماہ تک اس کے مالک نے انتظار کیا اور پھر اسے 15 اگست تک واپس آنے کی مہلت دی، ورنہ اس کی نوکری ختم ہو جانی تھی۔ عبدل نے بتایا کہ وہ تین ماہ سے ICA کا انٹری پرمٹ حاصل کرنے کی کوشش میں تھا، تاہم ہر بار اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ خوش قسمتی سے 15 اگست کی ڈیڈ لائن سے چند روز پہلے اماراتی حکومت نے انٹری پرمٹ کی شرط ختم کردی جس پر وہ ڈیڈ لائن سے پہلے امارات واپس جا کر اپنی نوکری بچا سکتا ہے۔

ایک اور بھارتی باشندہ فرحان بھی اسی صورت حال سے گزرا ہے۔ فرحان اپنے 9 افراد کے کنبے کا واحد کفیل ہے۔ کئی ماہ تک مالک نے اس کا انتظار کرنے کے بعد اسے واپسی کے لیے کچھ دن اور دیئے تھے۔ انٹری پرمٹ کی شرط ختم ہونے کے بعد اس کی مقررہ وقت سے پہلے امارات واپسی ممکن ہو گئی ہے۔ کیرالا کا شمس الدین مولا کادتھ بھی ایک جنرل سٹور میں ملازم ہے۔جو بھارت میں ہی پھنس گیا تھا، اسے بھی واپسی کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔انٹری پرمٹ کی پابندی ختم ہونے سے شمس الدین بھی بہت خوش ہے۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں