ابوظبی میں شدید دُھند کے دوران خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 ہلاک، 2 شدید زخمی

یہ جان لیوا حادثہ الفایہ صیہ شعیب ٹرک روڈ پر بسوں کے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 ستمبر 2020 17:33

ابوظبی میں شدید دُھند کے دوران خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 ہلاک، 2 شدید زخمی
ابوظبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 ستمبر2020ء) آج اماراتی ریاست اُم القوین میں جان لیوا حادثے کے بعد ابوظبی میں بھی صبح سویرے ایک ٹریفک حادثے میں تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔یہ حادثہ صبح کے وقت پیش آیا جب گہری دھند چھائی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں جن کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے ہے اس کے علاوہ دو افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال بھی منتقل کیا گیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظبی پولیس نے اپنے آفیشل فیس بُک اکاؤنٹ پر اس خوفناک حادثے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ آج صبح الفایہ صیہ شعیب ٹرک روڈ پر دو بسوں کا تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کی جانیں چلی گئیں۔ یہ حادثہ شدید دُھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اس حادثے کا ذمہ دار منی بس کا ڈرائیور تھا جس نے حدِ نگاہ کم ہونے کے باوجود انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیزی سے اپنی لین سے باہر نکل کر دوسری لین میں جانے کی کوشش کی جس دوران اس کا دوسری لین میں موجود بڑی بس سے تصادم ہو گیا۔

یہ تصادم اتنا شدید تھا کہ تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ دُھند کی موجودگی میں پوری توجہ اور کم رفتار سے گاڑی چلائیں تاکہ حادثات کا امکان کم سے کم رہے۔ مرنے والے تینوں افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے مردہ خانے بھجوا دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ آج اُم القوین مین شیخ محمد بن زاید روڈ کی ایگزٹ نمبر 113 سے 116 کے درمیان ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے تین افراد زندگی سے محروم ہو گئے۔

یہ واقعہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ پولیس نے تفتیش کی تو پتا چلا کہ یہ حادثہ ایک ڈرائیور کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا جس نے ڈرائیونگ کے وقت اس قدر شراب پی رکھی تھی کہ مدہوشی میں اس نے شیخ محمد بن زاید روڈ پر مخالف سمت میں گاڑی چلانا شروع کر دی جو سامنے سے آنے والی ایک کار سے ٹکرا گئی۔مرنے والوں میں گاڑی چلانے والا ڈرائیور بھی شامل تھا۔ ڈرائیور کے پوسٹ مارٹم کے دوران انکشاف ہو اکہ اس نے بڑی مقدار میں شراب پی رکھی تھی۔ جو اس حادثے کا باعث بنی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں