امارات میں نئے ٹریفک قوانین میں بھاری جرمانوں کا اعلان ہو گیا

گاڑیوں کی ریس لگانے اور گاڑیوں کی ٹکر پر 50 ہزار درہم کا جرمانہ ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اکتوبر 2020 15:50

امارات میں نئے ٹریفک قوانین میں بھاری جرمانوں کا اعلان ہو گیا
ابوظبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اکتوبر2020ء) ابوظبی پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر سالم عبداللہ بن باراک الظہیری نے خبردار کیا ہے کہ تمام افراد ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں، تاکہ وہ جرمانوں سے بچ سکیں اور ان کی اور دوسریوں کی زندگیاں ڈرائیونگ کے دوران خطرات سے دوچار نہ ہوں۔ڈیلی گلف اُردو کے مطابق آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ @majalisabudhabi پر ایک آن لائن لیکچر دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 2020ء میں منظور ہونے والے ٹریفک لاء نمبر 5 کے مطابق اگر کسی شخص پر ٹریفک جرمانے 7 ہزار سے زائد ہو گئے، اس کی گاڑی ضبط کر لی جائے گی۔

اس قانون کے مطابق اگر ابوظبی میں کسی شخص کی سنگین ٹریفک خلاف ورزی پر گاڑی ضبط کر لی جاتی ہے تو اسے گاڑی واپس لینے کے لیے 50 ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ان سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں میں گاڑیوں کی آپس میں ٹکر یا غیر قانونی طور پر کاروں کی ریس لگانا شامل ہیں۔ اگر کسی شخص کی گاڑی کو ضبط کیے ہوئے تین ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہو، اور اس کی جانب سے ضبط شدہ گاڑی کا جرمانہ ادا نہیں کیا جاتا تو پھر ایسی صورت میں اس کی گاڑی کی نیلامی کر دی جائے گی۔

اگر کسی ڈرائیور کی گاڑی بغیر پرمٹ حاصل کیے انجن کو موڈیفائی کرنے یا اس کا چیسز نمبر تبدیل کرنے کی غیر قانونی حرکت پر ضبط کی جاتی ہے تو اسے گاڑی واپس لینے کے لیے 10 ہزار درہم ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح اگر کسی کی گاڑی 60 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے پر ضبط کی گئی ہے تو اسے گاڑی چُھڑوانے کے لیے 5 ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ابوظبی میں رواں سال کے دوران 2,703 خطرناک حادثات ہو چکے ہیں جن کے نتیجے میں 215 افراد کی جانیں گئی ہیں۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں