ابوظبی میں رمضان ٹینٹوں پر پابندی کے باوجود تارکین کو افطار پیکٹس پہنچانے کا بندوبست ہو گیا

شیخ زاید گرینڈ مسجد سنٹر کی جانب سے روزانہ لیبر کیمپس میں15 ہزار افراد میں کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 5 مئی 2021 17:12

ابوظبی میں رمضان ٹینٹوں پر پابندی کے باوجود تارکین کو افطار پیکٹس پہنچانے کا بندوبست ہو گیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مئی2021ء) کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر اماراتی حکومت نے اس بار رمضان ٹینٹس پر پابندی عائد کر دی تھی۔ تاہم امارات میں مقیم لاکھوں تارکین وطن کو افطار کا سامان پہنچانے کے لیے دیگر ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں کئی فلاحی ادارے سرگرم ہیں جو سماجی فاصلے کا خیال رکھ کر روزانہ لاکھوں فوڈ پیکٹس تقسیم کر رہے ہیں۔

افطار ی کے سامان کی تقسیم میں شیخ زاید جامع مسجد سنٹر بھی میدان میں آ گیا ہے ۔ جس کی جانب سے ابوظبی کے تارکین وطن میں روزانہ 15 ہزار افطار پیکٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ یکم رمضان سے جاری اس فلاحی کام میں شیخ زاید سنٹر کو آرمڈ فورسز آفیسرز کلب اینڈ ہوٹل کا بھرپور اشتراک اور تعاون حاصل ہیں۔شیخ زاید جامع مسجد سنٹر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ روزانہ پندرہ ہزار کارکنان میں افطار پیکٹس کی تقسیم کو ممکن بنانے کے لیے 90 شیفس اور 145 کارکنان پر مشتمل عملہ 24 گھنٹے کی مختلف شفٹوں میں کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ افطاری کا کھانا خوبصورت ڈبوں میں پیک کر کے ابوظبی میں مختلف کمپنیوں کے لیبر کیمپس میں بھجوایا جاتا ہے۔ ہزاروں افراد کے لیے افطاری کی تیاری کے دوان حفظان صحت کے اصولوں کا مکمل طور پر خیال رکھا جاتا ہے اور کورونا سے بچاؤ کے لیے عملے میں سماجی فاصلے کی پابندی بھی کرائی جاتی ہے۔ تیار شدہ کھانوں کوپیکنگ کے بعدخاص ٹرکوں کے ذریعے مختلف لیبر کیمپس بھجوایا جاتا ہے۔

یہ ٹرکس ابوظبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ ہیں، جن میں موجود ٹیکنالوجی سے کھانوں کوشدید گرمی میں بھی تازہ رکھ کر خراب ہونے سے بچانے کی سہولت موجود ہے ۔شیخ زاید سنٹر کے کلچرل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر امل بمارف نے بتایا کہ انسانی فلاح و بہود پر مبنی اس اقدام کو آرمڈ فورسز آفیسرز کلب اینڈ ہوٹل کے اشتراک کی بدولت ممکن بنایا جا رہا ہے۔ خوراک تقسیم کرنے کی یہ سرگرمی امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے اماراتی سماج میں یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے ویژن کو اُجاگر کرتی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں