ابوظبی نے غیر ملکی مسافروں پر سے بڑی پابندی ہٹانے کافیصلہ کر لیا

ابوظبی حکومت کے ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے غیر ملکی مسافروں پر سے قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 مئی 2021 11:02

ابوظبی نے غیر ملکی مسافروں پر سے بڑی پابندی ہٹانے کافیصلہ کر لیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مئی2021ء) کورونا وبا کی وجہ سے ابوظبی حکومت نے پچھلے کئی ماہ سے غیر ملکی مسافروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے کہ انہیں یہاں آنے پر قرنطینہ میں کچھ روز گزارنا ہوں گے۔ البتہ چند ایک ممالک کو رعایت بھی ہے تاہم پاکستان سمیت کئی سینکڑوں ممالک سے آنے والوں پر اس قرنطینہ پابندی کا اطلاق ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ایک بہت اچھی خبر آ گئی ہے۔

ابوظبی حکومت کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے غیر ملکی مسافروں پرسے اہم پابندی ہٹائی جا رہی ہے۔ جس کے حوالے سے جلد فیصلہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے ریاست میں آنے والے غیر ملکی افراد پر سے قرنطینہ کی پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔ فی الحال یہ پابندیاں جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے3 مئی کو قرنطینہ فری ممالک پر مشتمل گرین لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں شامل مسافروں کو ابوظبی آنے پر قرنطینہ میں نہیں رہنا ہو گا۔

ابوظبی کے ٹور ازم ڈیپارٹمنٹ نے ان ملکوں اور مقامات کی فہرست اپڈیٹ کی ہے جہاں سے آنے والے مسافر بغیر قرنطینہ کے ابوظبی میں داخل ہو سکتے ہیں۔ قرنطینہ فری رعایت حاصل کرنے والے ممالک کی گنتی 23 ہو گئی ہے۔ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی جاری کی گئی نئی فہرست کے مطابق اب ان ممالک سے آنے والے افراد کو ابوظبی ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

انہیں قرنطینہ اختیار کرنے کی پابندی نہیں ہوگی۔
۔ امریکا ۔ بھوٹان ۔ برونائی ۔چین ۔ کیوبا ۔ گرین لینڈ ۔ہانگ کانگ ۔ آئس لینڈ ۔ اسرائیل ۔ جاپان ۔

ماریشس ۔ مراکش ۔ نیوزی لینڈ ۔ پرتگال ۔ روس ۔ سعودی عرب ۔ سنگا پور ۔ ساؤتھ کوریا ۔ سوئزر لینڈ ۔تائیوان ۔ تاجکستان ۔

یو کے ۔اُزبکستان
تاہم ابوظبی حکومت نے گرین لسٹ میں شامل ممالک اور دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے شرائط میں تھوڑی تبدیلی کر دی ہے۔ اب ’گرین لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے اماراتی شہریوں اور رہائشی ویزہ ہولڈرز جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہے، ان کا ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ ہو گا اور پھر چھٹے روز بھی یہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔

تاہم انہیں قرنطینہ کی پابندی سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ البتہ گرین لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے ایسے اماراتی اور ویزہ ہولڈرز مسافر جنہوں نے پہلے ویکسین نہیں لگوائی ، انہیں آمد ہوتے ساتھ ہی پی سی آر ٹیسٹ کرواناپڑے گا ، پھر اس کے بعد چھٹے اور بارہویں روز بھی پی سی آر ٹیسٹس کروانے لازمی ہوں گے۔ تاہم قرنطینہ میں رہنے کی شرط ان پر عائد نہیں ہو گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں