ابوظبی میں ریسٹورنٹس میں آنے والے فیملی ارکان کے لیے اہم اعلان ہو گیا

اب ایک میز پر ایک ہی گھرانے کے زیادہ سے زیادہ افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی، سابقہ پابندی ختم کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 7 جون 2021 14:23

ابوظبی میں ریسٹورنٹس میں آنے والے فیملی ارکان کے لیے اہم اعلان ہو گیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 جون 2021ء) ابوظبی کی حکومت نے ریسٹورنٹس میں آنے والے فیملی ممبرز پر عائد بڑی پابندی ختم کر دی ہے۔ جس کے بعد اب تمام فیملی ممبرز ایک ہی ٹیبل پر بیٹھ کر کھانا کھا سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے فوڈ پوائنٹس پر گزشتہ چند ماہ سے عائد ایک پابندی یہ بھی تھی کہ ایک میز پر ایک گھرانے کے زیادہ سے زیادہ پانچ افراد بیٹھ سکتے تھے۔

تاہم اب انتظامیہ نے ریسٹورنٹس آنے والے فیملی ممبران کے لیے یہ پابندی ختم کر دی ہے۔ نئے حکم نامے کے مطابق ایک ہی گھرانے کے جتنے مرضی افراد ہوں، وہ ایک ہی میز کے گرد بیٹھ کر کھانا کھا سکیں گے۔ ان پر عائد محدود گنتی کی شرط گزشتہ ہفتہ کے روز سے ختم کر دی گئی ہے۔ ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی اب ایک ہی گھرانے کے تمام افراد ایک ہی میز پر بیٹھ کر کھانے اور مشروبات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

تاہم ریسٹورنٹس اور کافی شاپس میں پہلے کی طرح محدود گنجائش کی حد برقرار رہے گی۔ ان مقامات پر کل رقبے کے حساب سے صرف 60 فیصد افراد بیٹھ سکیں گے۔ ان افراد کو سماجی فاصلے کی پابندی پر پہلے کی طرح عمل کرنا ہوگا۔دوسری جانب امارات کی نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے متحدہ عرب امارات میں تقریبات سے متعلق اہم شرط کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق NCEMA نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سے تقریبات میں صرف وہی لوگ شرکت کر سکیں جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہو گی یا پھر کلینیکل ویکسین کے ٹرائلز میں شمولیت اختیار کی ہو گی۔ حکام کے مطابق مملکت میں تمام ثقافتی، سماجی، کھیلوں کی اور فنون لطیفہ کی تقریبات پر اس نئی شرط کا اطلاق ہوگا۔ ان تقریبات میں شرکت کے موقع پر پی سی آ رٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ دکھانی بھی لازمی ہو گی جسے جاری ہوئے 48 گھنٹوں سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔ NCEMA کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد کا الحوسن ایپ پر E کا حرف یا گولڈ سٹار ظاہر ہونا چاہیے جس سے ان کے ویکسین لگوانے کا پتا چلتا ہے۔ تقریبات سے متعلق ان نئی شرائط کا اطلاق6 جون سے ہو گیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں