پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا سنسنی خیز مقابلے سے آغاز

لاہور قلندرز نے فتح چھین لی، آخری اوور میں راشد خان کی دھواں دار بلے بازی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو لاہور کے ہاتھوں 3 سال بعد شکست

muhammad ali محمد علی جمعرات 10 جون 2021 00:47

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا سنسنی خیز مقابلے سے آغاز
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جون 2021ء ) پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا سنسنی خیز مقابلے سے آغاز، لاہور قلندرز نے فتح چھین لی, اسلام آباد یونائیٹڈ کو لاہور کے ہاتھوں 3 سال بعد شکست۔ تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے ابوظہبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

لاہور قلندرز نے آخری اوور میں راشد خان کی دھواں دار بلے بازی کے باعث 144 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔ راشد خان نے آخری اوور میں 15 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

یہ لاہور قلندرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف 3 سال بعد پہلی فتح ہے۔

ابوظبی میں کھیلے جا رہے چھٹے سیزن کے دوبارہ آغاز پر لاہور قلندرز نے اسلام آباد کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز کولن منرو اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوور میں جیمز فالکنر نے منرو کو چلتا کردیا۔ روحیل نذیر کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور وہ صرف 8 رنز بناکر فالکنر کا دوسرا شکار بنے جبکہ کپتان شاداب خان بھی آسٹریلین باؤلر کے ہتھے چڑھ گئے۔

عثمان خواجہ بھی صرف 18 رنز بناکر حارث کو وکٹ دے بیٹھے۔ افتخار احمد اور حسین طلعت نے سکور 72 تک پہنچایا تو احمد دانیال نے 12 رنز بنانے والے افتخار کی وکٹ حاصل کرلی، حسین طلعت بھی جلد ہی چلتے بنے۔ آصف علی ایک مرتبہ پھر امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام رہے اور صرف 7 رنز بنا کر احمد دانیال کی دوسری وکٹ بن گئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی فائنل الیون میں تین غیرملکی کھلاڑیوں عثمان خواجہ، کولن منرو اور فواد احمد کو موقع فراہم کیا ۔

لاہور قلندرز کے چار غیرملکی کھلاڑیوں میں بین ڈنک، راشد خان، ٹم ڈیوڈ اور جیمز فالکنر شامل ہیں۔ میچ کے لیے لاہور قلندرز سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، شاہین شاہ آفریدی، راشد خان، احمد دانیال اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان(کپتان)، کولن منرو، عثمان خواجہ، افتخار احمد،حسین طلعت، روہیل نذیر، آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، محمد وسیم اور فواد احمد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اپریل میں پی سی بی نے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا لیکن پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا تھا اور آج سے لیگ کا دوبارہ ابوظبی میں آغاز ہوا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں