پی ایس ایل کا 24 واں میچ، پشاور زلمی نے ٹاس جیت لیا

پشاور کے کپتان وہاب ریاض کا کراچی کنگز کیخلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی منگل 15 جون 2021 23:00

پی ایس ایل کا 24 واں میچ، پشاور زلمی نے ٹاس جیت لیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 جون 2021ء ) پی ایس ایل کا 24 واں میچ، پشاور زلمی نے ٹاس جیت لیا، پشاور کے کپتان وہاب ریاض کا کراچی کنگز کیخلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ۔ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 23 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دیدی ۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور میچ کے دوسرے ہی اوور میں جیمز فالکنر نے عثمان خان کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ 4 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد ویدرلڈ کا ساتھ دینے کیمرون ڈیلپورٹ آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 48 رنز جوڑے، اس شراکت کا خاتمہ راشد خان نے 10 رنز بنانے والے ڈیلپورٹ کو نشانہ بنا کر کیا، حفیظ نے 48 رنز بنانے والے ویدرلڈ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

اعظم خان نے حارث رؤف کو ایک اوور میں 4 چوکے لگائے تاہم موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور 33 رنز بنانے کے بعد جیمز فالکنر کی وکٹ بن گئے، اسی اوور میں آسٹریلین باؤلر نے نواز کو بھی چلتا کردیا۔ اختتامی اوورز میں سرفراز احمد نے چند بڑے شاٹس لگائے جس کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ سرفراز احمد نے 27 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی، قلندرز کے جیمیز فالکنر نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد حفیظ اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار ہو گئی اور اننگز کی دوسری ہی گیند پر کپتان سہیل اختر کی اننگز عثمان شنواری کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔ فخر زمان اور ذیشان اشرف نے سکور کو 23 تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد حسنین نے اوپننگ بلے باز کی وکٹیں بکھیر دیں،محمد حفیظ ایک مرتہ پھر ناکامی سے دوچار ہو کر شنواری کی دوسری وکٹ بن گئے، خرم شہزاد نے 16 رنز بنانے والے ذیشان اشرف کو چلتا کردیا جبکہ بین ڈنک بھی چھ رنز بنانے کے بعد محمد نواز کا نشانہ بنے۔

راشد خان اور احمد دانیال بھی بالترتیب 8 اور تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ 66 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد ٹم ڈیوڈ کا ساتھ دینے جیمز فالکنر آئے اور دونوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے۔ ٹم ڈیوڈ نے 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے لیکن ان کی اننگز بھی عثمان شنواری کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔ اختتامی اوورز میں قلندرز کے باؤلرز نے چند بڑے شاٹس کھیل کر اپنی ٹیم میچ کو سنسنی خیز بنا دیا لیکن گلیڈی ایٹرز نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے میچ میں فتح اپنے نام کر لی۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان شنواری اور خرم شہزاد نے تین، رین جبکہ حسنین اور نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے لیے گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں اور کیمرون ڈیلپورٹ اور ظہور خان کے ساتھ ساتھ حسان خان اور عثمان شنواری کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔ میچ کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، بین ڈنک، محمد حفیظ، ذیشان اشرف، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان)، عثمان خان، جیک ویدرلڈ، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، محمد نواز، حسان خان، ظہور خان، خرم شہزاد، عثمان شنواری اور محمد حسنین شامل ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں