اماراتی ریاست میں PCR ٹیسٹ کی فیس بڑھانے سے متعلق خبر جھوٹی نکلی

ابوظبی نے سوشل میڈیا پر ٹیسٹ کی فیس 65 درہم سے بڑھانے کی خبروں کی تردید کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جون 2021 12:30

اماراتی ریاست میں PCR ٹیسٹ کی فیس بڑھانے سے متعلق خبر جھوٹی نکلی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جون2021ء) ابوظبی میں گزشتہ کئی روز سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ حکام نے کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ کی فیس میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب یہ ٹیسٹ 65 درہم کی بجائے 85 درہم پر کروانا ہوگی۔ تاہم ابوظبی ہیلتھ سروسز کمپنی (Seha) کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ کی فیس میں اضافے کاکوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

تمام سکریننگ سنٹرز پر ٹیسٹ کی موجودہ قیمت 65 درہم ہی برقرار رکھی جائے گی۔ Sehaکی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر مستقبل میں کوئی کمی کی گئی تو مستند سرکاری ذرائع سے آگاہ کیا جائے گا۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت میں کمی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا ایک دستاویز وائرل ہو گئی تھی جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ حکام نے کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 65 درہم سے بڑھا کر 85 درہم مقرر کر دی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ DPI ٹیسٹ کی فیس بھی 25 درہم سے بڑھا کر 50 درہم کر دی گئی ہے۔ ٹیسٹوں کی فیس میں اضافے کی اس جعلی خبر پر لوگوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ تاہم Seha کی جانب سے ٹیسٹوں کی فیس میں اضافے کی تردید کرنے پر لوگوں نے سُکھ کا سانس لیا ہے۔ اس جعلی لسٹ میں دکھایا گیا تھا کہ دُبئی، شارجہ اور عجمان کے کچھ سکریننگ سنٹرز میں پی سی آر ٹیسٹ کی فیس گھٹا کر 85 درہم کر دی گئی ہے جبکہ ابوظبی میں 65 درہم سے بڑھا کر 85 درہم مقرر کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس جعلی لسٹ پر یقین نہ کیا جائے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں، ان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔ اماراتی سائبر کرائم ایکٹ کے مطابق اس جُرم پر کم از کم ایک سال قید اور ہزاروں روپے جرمانے کی سزا ہوتی ہے۔ ابوظبی میں ابتداء میں پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 370 مقرر کی گئی تھی جسے ستمبر 2020ء میں گھٹا کر 250 درہم مقرر کیا گیا ۔ تاہم مارچ 2021ء میں اس ٹیسٹ کی قیمت تمام سرکاری اور پرائیویٹ سنٹرز پر 65 درہم مقرر کر دی گئی تھی، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیسٹنگ کروانے کی سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں