ابوظبی کے حکمران خاندان کے بچے بچیوں نے سائنو فارم ویکسین لگوا لی

امارات میں سائنو فارم ویکسین کی بچوں پر قوتِ مدافعت جانچنے کے لیے ٹرائلز شروع ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 جون 2021 11:21

ابوظبی کے حکمران خاندان کے بچے بچیوں نے سائنو فارم ویکسین لگوا لی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جون2021ء) ابوظبی کے حکمران خاندان کے بچوں نے بھی سائنو فارم ویکسین لگوا لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے حکمران خاندان کے بعض بچّے متحدہ عرب امارات میں چین کی ساختہ کووِڈ-19 کی ویکسین سائنوفارم کے ٹرائل میں شامل ہیں اور انھیں بھی اس ویکسین کے انجیکشن لگائے گئے ہیں۔ابوظبی کے میڈیا دفتر کے مطابق یواے ای میں تین سے 17 سال کی عمر کے قریباً 900 بچّوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

سائنو فارم کی ویکسین لگنے کے بعد ان بچّوں کی قوتِ مدافعت کا جائزہ لیاجائے گا اور پھر ان کے نتائج کی بنیاد پر مستقبل قریب میں یو اے ای میں بچّوں کو یہ ویکسین لگانے کی منظوری دی جائے گی۔دبئی میڈیا دفتر کی ایک ٹویٹ کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد اور یواے ای کے عملی حکمراں شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے بیٹے شیخ طیب بن محمد اپنے بچّوں اور بھتیجے بھتیجیوں کے ساتھ ویکسین کے نتیجے میں قوتِ مدافعت کی جانچ کے لیے اس مطالعہ میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یو اے ای نے مئی میں 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کے لیے فائزراور بائیواین ٹیک کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔یو اے ای کے وفاق میں شامل دوسری بڑی امارت دبئی نے اس عمر کے گروپ میں شامل بچّوں کو اسی ماہ یہ ویکسین لگانا شروع کردی ہے۔یو اے ای میں پہلے ہی چین کی سرکاری دوا ساز فرم سائنوفارم کی ساختہ ویکسین کی تیسرے مرحلے میں کلینیکی جانچ کی جاچکی ہے اوراس نے سائنوفارم اور ابوظبی سے تعلق رکھنے والی ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 کے اشتراک سے اس کی ملک میں تیاری شروع کردی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظرقومی ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے شہریوں اورمکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وائرس سے بچاوٴ کے لیے حفاظتی پروٹوکول کی پاسداری کریں،چہرے پر ماسک پہن کررکھیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔این سیما نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یو اے ای میں شامل تمام امارتوں میں مئی میں عیدالفطرکے بعد سے کووِڈ-19 کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔بڑی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ لوگ کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے ہیں اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں