ابوظبی آنے والے مسافروں کے لیے سفری شرائط میں تبدیلی کا اعلان ہو گیا

5 جولائی سے ویکسین لگواچکے اور نہ لگوانے والے مسافروں کے لیے پی سی آرٹیسٹ اور قرنطینہ کی الگ الگ شرائط لاگو ہوگئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 6 جولائی 2021 13:52

ابوظبی آنے والے مسافروں کے لیے سفری شرائط میں تبدیلی کا اعلان ہو گیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 جولائی 2021ء) ابوظبی کی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے بیرون ملک سے آنے والے اماراتی باشندوں اوراماراتی ویزہ ہولڈرز کے لیے نئی سفری شرائط جاری کر دی ہیں، جن کا اطلاق کل 5 جولائی 2021ء سے ہو گیا ہے۔ گرین لسٹ میں شامل ممالک اور دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے تبدیل شدہ سفری ضوابط کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
 ۔

گرین لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے ایسے مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں، ابوظبی پہنچنے پر ان کا ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ ہو گا اور پھر چھٹے روز بھی یہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ اس زمرے میں شامل مسافروں کو قرنطینہ کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ 
۔ گرین لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے ایسے مسافر جنہوں نے پہلے ویکسین نہیں لگوائی ،ان کا ابوظبی ایئرپورٹ پر پہنچنے پر پی سی آر ٹیسٹ لازمی لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان مسافروں کو بھی قرنطینہ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ تاہم انہیں ابوظبی میں قیام کے چھٹے اور پھر بارہویں روز بھی پی سی آر ٹیسٹ کروانالازمی ہوگا۔
۔ وہ غیر ملکی مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں تاہم وہ گرین لسٹ میں شامل ممالک کی بجائے دیگر ممالک سے آ رہے ہیں۔ ان کا ابوظبی پہنچنے پر لازمی پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔ ان مسافروں کو سات روز تک کا لازمی قرنطینہ اختیار کرنا ہوگا اور پھر چھٹے روز بھی پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

اس پابندی کا اطلاق ان اماراتی شہریوں اور اماراتی ویزہ ہولڈرز پر ہو گا جنہیں ابوظبی آمد کے وقت ویکسین کی دوسری خوراک لیے کم از کم 28 روز گزر چکے ہوں گے اور ان کا ریکارڈ الہوسن ایپ میں درج ہوگا۔ 
۔ ایسے مسافر جو گرین لسٹ والے ممالک کی بجائے دیگر ممالک سے ابوظبی پہنچے ہوں گے اور انہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں بھی نہیں لگوا رکھی ہیں۔

ان کا ابوظبی ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ ہو گا اور پھر گیارہویں روز بھی پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ان مسافروں کو پہنچنے کے فوراً بعد 12 روز کا قرنطینہ اختیار کرنا لازمی ہو گا۔ 
 واضح رہے کہ ابوظبی ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی جاری کی گئی گرین لسٹ میں مندرجہ ذیل ممالک شامل ہیں:
۔ امریکا۔ بھوٹان۔ برونائی۔چین۔ کیوبا۔ گرین لینڈ۔ ہانگ کانگ۔ آئس لینڈ۔ اسرائیل۔ جاپان ۔ماریشس۔ مراکش۔ نیوزی لینڈ۔ پرتگال۔ روس۔ سعودی عرب۔ سنگا پور۔
ساوٴتھ کوریا۔ سوئزر لینڈ۔تائیوان۔ تاجکستان۔یو کے۔اْزبکستان ۔ امریکا ۔ اسپین۔ جرمنی۔ آذر بائیجان۔ کرغیزستان۔ مالدووا

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں