ابوظبی نے عید الاضحٰی کی تعطیلات سے قبل نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا

ٹیکسیوں اور بسوں میں مسافروں کی گنجائش مزید کم کر دی گئی، ریسٹورنٹس، ساحلی مقامات اور پارکس میں بھی گنجائش 50 فیصد تک محدود ہوگئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 جولائی 2021 11:50

ابوظبی نے عید الاضحٰی کی تعطیلات سے قبل نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا
ابوظبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 جولائی2021ء) متحدہ عرب امارات میں عید الاضحی کی تعطیلات کا آغاز 19 مئی 2021ء سے ہو رہا ہے۔ اس بار عید کے موقع پر لوگ چھ تعطیلات کا لطف اُٹھائیں گے۔ تاہم ابوظبی حکومت نے ان تعطیلات کے پہلے روز سے ہی متعدد مقامات اور ٹرانسپورٹ ذرائع پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظبی حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور شاپنگ مالز وغیرہ میں لوگوں کی موجودگی کی گنجائش گھٹانے کا اعلان کیا ہے ، جس کا مقصد عید کی تعطیلات کے دوران کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

ابوظبی ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا گیا ہے کہ 19 جولائی بروز سوموار سے ریسٹورنٹس، کافی شاپس، ساحلی مقامات اور پارکس میں لوگوں کی گنجائش محدود کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان تمام مقامات کسی وقت میں کُل گنجائش کے صرف 50 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ فروری کے مہینے میں یہ گنجائش 60 فیصد تک محدود کی گئی تھی۔

پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی 25 سے 50 فیصد سیٹیں خالی رکھیں جائیں۔ فی الحال بسوں میں ایک سیٹ چھوڑ کر دوسری سیٹ پر مسافر بٹھانے کی پابندی عائد ہے۔
جس کی خلاف ورزی کرنے پر 3 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی کے مطابق پانچ افراد کی گنجائش والی ٹیکسی میں ڈرائیور سمیت صرف تین افراد سوار ہو سکیں گے۔ جبکہ سات مسافروں والی ٹیکسی میں ڈرائیور سمیت صرف چار افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔

اس پابندی سے پہلے ٹیکسیوں میں سواریوں کی گنجائش 45 فیصد مقرر کی گئی تھی۔ شاپنگ مالز میں 19 جولائی سے کل گنجائش کے مقابلے میں صرف 40 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ سینما گھروں میں 70 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی۔ صرف 30 فیصد نشستوں پر لوگ بٹھانے کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح سوئمنگ پولز، جمز اور نجی ساحلی مقامات پر کل گنجائش کے مقابلے میں 50 فیصد افراد جمع ہو سکیں گے۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں